ووٹ کو عزت دو کا نعرہ جھوٹ ثابت ،اب کسانوں کو عزت دینا حکومت کا امتحان ہے:برجیس طاہر

سانگلا ہل:(سفیر اختر)سابق وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا گندم بحران آفیسرشاہی کا ٹیکنیکل طریقہ واردات ہے،بیورو کریسی ملک میں زبردستی آئینی،سیاسی اور معاشی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنی من مانیاں کرسکیں،وزیر اعظم میاں شہباز شریف سابقہ دور حکومت میں 300ارب روپے کی بندر بانٹ کے6 سو افراد کا نام منظر عام پرلے آتے تو آج یہ بحران دیکھنے کو نہ ملتا،ایک ارب ڈالر کےلئے ملک دیوالیہ پن کے قریب تھا۔

ملک دشمن عناصر ملک کو سری لنکا بنانے کے خواب دیکھ رہے تھے،جبکہ 10 سال کےلئے 300 ارب ڈالر دے دئیے گئے جن کے نام آج تک منظر عام پر نہیں آسکے اگر وہ نام اخباروں کی زینت بنتے تو آج کسی کو گندم بحران پیدا کرکے8کروڑ کسانوں کے جذبات سے کھیلنے کا موقع نہ ملتا،کسانوں کے صبر کاپیمانہ لبریز ہو چکا ہے،جب تک انکوائری کمیٹیاں بنیں گی گندم ختم ہو چکی ہو گی،مافیا اپنے گوداموں میں ذخیرہ کر چکا ہو گا اور کسان کو دوبارہ مہنگے داموں فروخت کرکے اپنے تجوریاں بھرلیں گے۔

،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برجیس طاہر نے کہاوزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں،آفیسر شاہی مریم نواز کی حکومت کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں،گندم بحران بھی مافیا کاپیدا کردہ ٹیکنیکل طریقہ واردات ہے ،نام نہاد بحران پیدا کرکے ملک کے اندرزبردستی آئینی،سیاسی اور معاشی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی،نام نہادمافیا ز کےلئے کروڑوں روپے کی گاڑیاں خرید کی جاتی ہیں،وقت آگیا ہے حکومت کو اب عام آدمی کا سوچنا ہو گا،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ جھوٹ ثابت ہوا،اب کسانوں کو عزت دینا حکومت کا امتحان ہے۔