فیصل آباد، گھر میں آتشزدگی، 4 کمسن بہن، بھائی جھلس کر جاں بحق، والد شدید زخمی

فیصل آباد (بیورو رپورٹ ) عامر ٹاو¿ن میں گھر میں آگ لگنے سے جھلس کر چار کمسن بہن بھائی جاں بحق ہو گئے۔ شدید زخمی باپ الائیڈ ہسپتال میں زیرعلاج، آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہ ہو سکا۔ تفصیل کے مطابق کینال روڈ پر واقع عامر ٹاون میں زمیندار سلیم کا مزارع جعفر ایک کمرے پر مشتمل مکان میں اپنی بیوی اور چار بچوں کے ساتھ مقیم تھا۔ پیر اور منگل کی درمیانی رات اچانک کمرے میں آگ بھڑک اٹھی۔ لکڑی کے شہتیروں کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی اور کمرے میں موجود جعفر کی چھ ماہ کی بیٹی عنبر ، چھ سالہ بیٹی ایمن اور آٹھ سالہ بیٹا ارسلان جھلس کر موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ جعفر اور اس کی تین سالہ بیٹی نور فاطمہ آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہو گئے جبکہ اس کی بیوی معجزانہ طور پر آگ سے محفوظ رہی۔ ریسکیو ٹیموں نے کمرے میں لگی آگ پر قابو پا کر ملبے سے بچوں کی لاشیں نکالیں اور زخمی باپ بیٹی کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جہاں نور فاطمہ بھی دم توڑ گئی۔ نور فاطمہ کا جسم 80 فیصد اور باپ جعفر کا جسم 30 فیصد جھلس گیا تھا۔ زمیندار سلیم کے مطابق جعفر کسی کام کیلئے باہر جاتے وقت اکثر بچوں کو کمرے میں بند کر کے تالا لگا کر جاتا تھا۔ امکان ہے کہ رات کو بچوں کے ماچس جلانے پر کمرے میں آگ لگی ہو گی۔