لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے چیف ایگزیکٹو آفیسر سی ڈی آر ایس پاکستان اور امریکہ مسٹر ٹوڈ شے نے ملاقات کی جس میں پاکستان خصوصاً پنجاب اور لاہور میں جاری فلاحی کاموں، یتیم بچوں کیلئے ہاﺅس آف بلیسنگ، اینمل ویلفیئر سنٹرز سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مسٹر ٹوڈ شے نے جاری فلاحی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں سربراہ سی ڈی آر ایس لاہور سید محسن، ڈائریکٹر فوزیہ ٹوڈ، فیضان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سی ڈی آر ایس کا دکھی انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرنا قابل ستائش ہے، معاشرے کی ترقی میں انسانیت کی فلاح وبہبود اہم کردار ادا کرتی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق متوسط طبقے کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی آر ایس کا لاہور شہر میں یتیم بچوں اور بے سہارا خواتین کیلئے سنٹر کھولنا خوش آئند ہے، حکومت پنجاب اپنے محدود وسائل میں فلاحی کاموں کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بے پناہ کام کر رہی ہے۔سی ای او ٹوڈ شے نے کہا کہ ہم پاکستان میں اب تک 750سے زائد صاف پانی کے پراجیکٹ مکمل کر چکے ہیں، راولپنڈی، کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں یتیم بچوں اور بے سہارا خواتین کیلئے سنٹر کھول رہے ہیں۔
سی ڈی آر ایس کا یتیموں اور بے سہارا خواتین کیلئے سنٹر کھولنا خوش آئند ہے: عظمیٰ بخاری
















