سلامتی کونسل بیٹھک بے نتیجہ،جی7 کاایران پر پابندیوں کا فیصلہ

نیویارک،جنیوا، روم،تل ابیب:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد بلایا گیا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ،رسمی کارروائی کے بعد ملتوی ، تنازع پر مزید بحث بعد میں کی جائے گی، چین نے ایرانی حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیدیا، اسرائیل ، امریکی مندوبین کی تلخ تقاریر ،ایران کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں ،تہران نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کا عندیہ دےدیا۔

اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں امریکہ کے نائب مندوب رابرٹ ووڈ نے کہا سلامتی کونسل ایران اور اس کے شراکت داروں سے حملے بند کرائے اور ساتھ ہی ایران کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرے، ایران یا اس کے آلہ کار، امریکہ یا اسرائیل کےخلاف کارروائی کرتے ہیں تو ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا جبکہ امریکہ، آئندہ اقوام متحدہ میں ایران کو جوابدہ بنانے کیلئے مزید اقدامات کرے گا،سکیورٹی کونسل کی ذمہ داری ہے ایران سے جواب طلب کرے، طویل عرصے سے ایران نے پاسداران انقلاب، حزب اللہ اور حوثیوں کو مسلح کر کے خطے میں کشیدگی کو بڑھادیا ،حماس کو فنڈنگ اور تربیت دی۔

اسرائیلی سفیر گیلاد اردن نے مزید کہا خطے میں امن کا واحد آپشن ہے ایران کی مذمت کی جائے اور ہولناک جرائم کی بھاری قیمت ادا کرنے کےلئے ہر ضروری وسائل کو بروئے کار لایا جائے، ایران پر پابندیاں لگائیں اس سے پہلے بہت دیر ہو جائے،گیلاد اردن نے خبردار کیا خامنہ ای اور حکومت اسرائیل کو ابلتے پانی میں مینڈک سمجھتی ہے، میں بتانا چاہتا ہوں وہ غلطی پر ہیں، ایران نے سرزمین پر حملہ کرکے ہر سرخ لکیر کو عبور کیا،جوابی کارروائی کا قانونی حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ایران کے اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے امیر سعید ایرانی نے کہا آپریشن مکمل طور پر اپنے دفاع کے حق میں کیا،امریکہ کےساتھ جنگ کا کوئی ارادہ نہیں لیکن امریکہ نے شہریوں یا ملکی سلامتی کےخلاف کوئی فوجی کارروائی شروع کی تو اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کریں گے،امیر سعید ایرانی نے امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ ممالک کئی ماہ سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کو جائز قرار دے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب دائی بِنگ نے کہا جس اسرائیلی حملے نے ایران کو اسرائیلی سرزمین پر حملے کےلئے اکسایا وہ شیطانی نوعیت کا تھا، اسرائیل پر ایرانی حملے کے حوالے سے چینی قیادت کی طرف سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دائی بِنگ نے کہا فریقین کو اب انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، غزہ میں فوری جنگ بندی لازم ہے تاکہ انسانی المیے کی راہ روکی جاسکتے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے، خطے کو تباہ کن جنگ کے خطرے کا سامنا ہے، وقت آگیا ہے کشیدگی کم اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت کےخلاف طاقت کا استعمال منع ہے، غزہ میں جنگ بندی، یرغمالیوں کی غیرمشروط رہائی اور امداد کی فراہمی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب جی-7 ممالک کے ہنگامی اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہو ں نے ایران کے حملے کے جواب میں اسرائیل کو اپنی مکمل حمایت کی پیشکش کرتے ہوئے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد جی7 ممالک امریکہ، جاپان، جرمنی، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور کینیڈا کے سربراہوں کے ورچوئل اجلاس میں ایران کی مذمت کی گئی اور اسرائیل سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ایران کے اسرائیل پر حملے سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوا، ایران اور اس کے پراکسی حملے بند کریں ورنہ سخت پابندیوں کےلئے تیار رہیں، خطے میں استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کےلئے کام جاری رکھیں گے، ایران پر ڈرون اور میزائل پروگراموں سمیت اضافی پابندیاں عائد کرسکتے ہیں۔

جی-7 ممالک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے رکن ممالک غزہ بحران کے خاتمے کےلئے باہمی تعاون کو مضبوط کریں گے جس میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے علاوہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور ضرورت مند فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی شامل ہے۔

ادھراسرائیل نے پہلی بار اعتراف کیا ہے ایرانی حملے اسرائیل کے جنوب میں صحرائے نجف میں واقع سب سے بڑے جنگی بیس نیو اتیم ائیر بیس کو نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوگئے،غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق 5 ایرانی میزائلوں سے نیو اتیم ائیربیس کے 3 رن ویز کو نقصان پہنچا ہے،نیواتیم ائیربیس اسرائیل کا سب سے بڑا جنگی بیس ہے، اسرائیل نے ائیربیس کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کر تے ہوئے تصاویر اور ویڈیو بھی جاری کردیں۔