عید الفطر پر شرمیلا فاروقی اور سائرہ یوسف کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

کراچی (مشرق نیوز) پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی اور پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سائرہ یوسف نے عید الفطر کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ منفرد انداز میں اظہار یکجہتی کیا۔ سائرہ یوسف نے انسٹاگرام کی سٹوری پر اپنے ہاتھ کی ایک تصویر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔ اس تصویر میں اداکارہ کے ہاتھ پر مہندی کے ڈیزائن میں ”فلسطین“ لکھا ہوا نظر آ رہا ہے۔ اداکارہ نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں فلسطین کے پرچم والے ایموجی کا استعمال کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ ہمیشہ فلسطین کے لوگوں کیلئے دعا گو رہوں گی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی اپنی انسٹا سٹوری اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔ اس تصویر میں وہ اپنا ہاتھ دکھاتی نظر آ رہی ہیں جس پر فلسطین کا جھنڈا بنا ہوا ہے اور ساتھ ہی مہندی سے ”Free Palestine“ بھی لکھا ہے۔