چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا

پشاور: (بیورورپورٹ)چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا،جسٹس ابراہیم خان نے کہا تمام فیصلے قانون کے مطابق کیے مگر سیاسی جماعت سے منسوب کیا گیا،دنیا اوربعد میںآنے والی زندگی میں خود کو احتساب کےلئے پیش کرتا ہوں۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ابراہیم خان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس ہائی کورٹ میں ہوا،فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس ابرہیم خان نے کہا میں نے کیڈٹ کالج کوہاٹ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، 31 سال تک اس شعبے سے وابستہ رہا، میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی اور آسان بناوں۔

چیف جسٹس ابراہیم خان نے کہا ہر کیس میں ایک کہانی ہوتی ہے اور میں نے ہمیشہ تمام فیصلے میرٹ پر کیے ہیں، آج تک ہزاروں کیسز میں فیصلے جاری کیے، شہدا آرمی پبلک سکول واقع کی تحقیقات میں دن رات کام کیا، فیملی کورٹ میں ہزاروں کیسز سنے اور فیصلے جاری کیے ہیں،دوران ملازمت صرف بیماری کی وجہ سے 4 بار غیر حاضر رہا ہوں، ایک ہزار سے زائد پشاور کے احاطے سے باہر سیاسی کیسز آئے جسے سنا اور فیصلہ جاری کیا۔

جسٹس ابراہیم خان نے کہا میرا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے ،میں نے تمام فیصلے انصاف اور قانون کی بنیاد پر کیے ہیں، میں آنے والے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

بعد ازاں جسٹس اشتیاق ابراہیم نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جسٹس ابراہیم خان کی عدلیہ کیلئے بہت قربانیاں ہیں، ابراہیم خان نے ہمیشہ قانون اور آئین کے تناظر میں فیصلے کیے، تمام ججز کےلئے ایک اعزاز تھا چیف جسٹس ابراہیم خان کےساتھ کام کرنے کا موقع ملا،انہوں نے کہا جسٹس ابراہیم خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آج خوشی اور افسوس کا موقع ہے جسٹس ابراہیم خان ریٹائر ہو رہے ہیں، ہم چیف جسٹس ابراہیم خان کی صحت ،خوشحالی اور بہترین زندگی کےلئے دعاگو ہیں،