لاہور: (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عالمی یوم صحت منانے کا بنیادی مقصد عوام کو صحت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کیلئے ایک صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا۔ صحتمند آبادی ہی ایک خوشحال معاشرے کی علامت ہوتی ہے۔ صحت کے شعبہ میں جدت کے بعد بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی بڑھتی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہر شہری کیلئے صحت کی سہولیات تک مساوی رسائی یقینی بنانا چاہتے ہیں، ہیلتھ ریفارمز ترجیح ہے، عوام بھی صحتمند طرز زندگی اپنائیں۔
صوبائی وزیر نے کہا ”صحتمند پنجاب “ ویژن کے تحت ہیلتھ ریفارمز کا آغاز کر دیا، پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے فنڈز میں کمی نہیں آنے دیں گے، پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس بھی شروع کرنے کا یہی مقصد ہے، پنجاب کا پہلا سرکاری نواز شریف کینسر ہسپتال لاہور میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی شروع، ہوم ڈیلیوری بھی جلد شروع ہوگی، سرگودھا میں سٹیٹ آف دی آرٹ نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ہر شخص کیلئے صحتمند لائف سٹائل ناگزیر ہے: سلمان رفیق
















