امریکہ نے اسرائیل کو اربوں ڈالر کے بم اور لڑاکا طیارے بھیجنے کا عندیہ دیدیا

واشنگٹن (مشرق نیوز) رفح میں اسرائیلی فوج کے ممکنہ حملے کے بارے میں خدشات کا اظہار کرنے کے باوجود امریکہ نے اسرائیل کو اربوں ڈالر کے بم اور لڑاکا طیارے بھیجنے کا گرین سگنل دیدیا۔ قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 71 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی طیاروں نے صلاح الدین سٹریٹ پر گاڑی پر بمباری کی، تازہ حملوں میں شجاعیہ کے سپورٹس سینٹر کو راکٹوں سے نشانہ بنایا جہاں بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔ علاوہ ازیں صیہونی فوج کے اہلکاروں نے الشفا ہسپتال کے احاطے میں تباہ شدہ گھروں کو آگ لگادی۔ دوسری جانب امریکہ نے اسرائیل کو غزہ پر حملوں کیلئے ہزاروں پاونڈ بم اور جدید لڑاکا طیارے دینے کی منظوری دیدی۔ رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی اسرائیلی وزیر دفاع سے حالیہ ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ نئے ہتھیاروں کے پیکیج میں ایک ہزار 800 ایم کے84، 2 ہزار پاونڈ بم اور 500 ایم کے 82، 500 پاو¿نڈ بارود شامل ہیں۔ یاد رہے کہ امریکہ اپنے دیرینہ اتحادی اسرائیل کو 3.8 ارب ڈالر سالانہ فوجی امداد دیتا ہے۔