جون تک پی آئی اے کی نجکاری،آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں جارہے ہیں ،وزیر خزانہ

کراچی:(بیورورپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاہے آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں جارہے ہیں،کم از کم 3 سال کا نیا پروگرام درکار ہے، جون تک پی آئی اے کی نجکاری کاعمل مکمل کرلیا جائےگا۔


پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اورنگزیب نے کہا14 ،15 اپریل کو ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اجلاس میں جائیں گے اور نئے پروگرام کے خدوخال پر بات کریں گے، تفصیلی مذاکرات پاکستان آکر ہوں گے،جانتے ہیں کیا ،کیوں کرنا اور اب توجہ کیسے پر مرکوز کرنی ہے،آئی ایم ایف کےساتھ مائیکرو اکنامک استحکام جاری رکھیں گے،بڑے پروگرام میں شامل ہونے کیلئے آئی ایم ایف حکام سے جلد واشنگٹن میں ملاقات ہو گی، حجم پر بات نہیں ہوئی لیکن خواہش ہے رواں مالی سال کے اختتام تک نئے پروگرام پر سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے۔

وزیر خزانہ نے کہاپالیسی ریٹ و شرح تبادلہ سٹیٹ بینک کی صوابدید ہے، کرنٹ اکاو¿نٹ کھاتہ بہتر ،شرح تبادلہ بھی مستحکم ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوئی ، امید ہے پالیسی ریٹ بھی نیچے آئے گا، ساری کامیابیاں شہباز شریف کے گزشتہ دور کا ایس بی اے معاہدہ ہے، نگران حکومت نے معاشی بحالی کےلئے بہتر کام کیے، بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت معیشت جلد مستحکم ہو گی، نگران سیٹ اپ نے ڈاکٹر شمشاد کی سربراہی میں بہتر طریقے سے عمل کیا،نجکاری پلان کے تحت خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کی جائے گی،پی آئی اے کی نجکاری بہتراندازسے آگے بڑھ رہی ہے، جون تک عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

اورنگزیب نے کہاایف بی آر کا ٹریکنگ سسٹم بہتر بنانے کےلئے کام کر رہے ہیں، ایف بی آرمیں ڈیجیٹلائزیشن کوبہتربنانے کی ضرورت ہے ،اقدام سے محصولات میں اضافہ ہوگا،خوشی ہے ایسے ہفتے سٹاک مارکیٹ آیا جب نئے ریکارڈ بن رہے ہیں ، فرخ خان نے چائنیزپارٹنرزکےساتھ ملکرسٹاک کونئی بلندیوں تک پہنچایا ،شمشاد اختر بھی مبارک باد کی مستحق ہیں،نگراں حکومت نے بہترین طریقے سے ملکی معاشی صورتحال کو سنبھالا دیا،مستحکم ہونےوالی معیشت کو طویل عرصے کے پلان کےساتھ آگے بڑھانا ہے،سی پیک فیز 2 پر فوری کام کی ضرورت ہے، فیز ون کے تحت چین سے کاروبار منتقل کیا جائے گا۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا پی آئی اے کی نجکاری اور ائیرپورٹس آوٹ سورسنگ پر اچھی پیش رفت ہے، حکومت کا کام پالیسی فریم ورک دینا ، نجی شعبے کو لیڈ کرنا ہے،حکمت عملی دہری ہے، قلیل و وسط مدت میں نقصانات کم کرنے ہےں،اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کےساتھ 2024 میں معیشت کا آغاز بہتر انداز میں ہوا، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کےلئے کام کر رہے ہیں،شفافیت و سرمایہ کاروں کا تحفظ بڑھانے کیلئے کیپیٹل مارکیٹ پرتوجہ دیں گے ،توانائی چوری و لیکیجز روکے بغیر پائیداری نہیں آئےگی، تیسری سہ ماہی میں زرعی شعبے کی نمو بدستور رہے گی، رواں سال 9400 ارب محصولات کا ہدف ہے، عدالتوں میں 1700 ارب کے کیسز ہیں، رقم آدھی ہی مل جائے، ٹیکس کم اور نہ دینے والوں تک پہنچنے سے پہلے آمدنی 12ہزار ارب تک لےجائیں گے،ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔

دریں اثناوزیر خزانہ اورنگزیب نے رمضان ریلیف پیکیج کی کوریج و فوائد کو بڑھانے کےلئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا دورہ کرکے اشیائے ضروریہ کی دستیابی ،موبائل یوٹیلیٹی سٹورز اور سیلز پوائنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے والی نئی ایپ کا جائزہ لیا،عوام سے ملاقات کی، تاثرات اکٹھے کیے اور رمضان ریلیف پیکیج پرخدشات دور کیے،وفاقی وزیر نے کہایوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا کی اچھی کوالٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،رواں سال گندم کی اچھی فصل ہونے کی امید ہے،معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔