ججز کے خط پر فل کورٹ بیٹھک،عدلیہ کی آزادی کیخلاف ایکشن برداشت نہیں ،وکلا

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،ملتان(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت طویل فل کورٹ بیٹھک،اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے خط پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ججز کمیٹی میں ہونےوالا فل کورٹ اجلاس 2گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا،سپریم کورٹ کے تمام ججز نے شرکت کی ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط اور پیدا ہونےوالی صورتحال کی آئینی و قانونی حیثیت پر غور کیا گیا،ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے تمام ججز نے خط پر رائے کا اظہار کیا، فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق فل کورٹ اجلاس پھر ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف قانونی ٹیم کے ساتھ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کریں گے،ملاقات جمعرات کو دوپہر 2بجے سپریم کورٹ میں ہوگی،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ملاقات کی تصدیق کردی،ذرائع کے مطابق ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر گفتگو ہوگی، وزیراعظم ٹیکس کیسز کے جلد فیصلوں کی درخواست کرینگے۔

ادھر عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت کے الزام پروکلاءتنظیمیںججز کی حمایت میں سامنے آگئیں،بار ایسوسی ایشنز نے تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنانے اورملوث افراد کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

صدر سپریم کورٹ بار نے کہا سپریم کورٹ بار قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے،عدلیہ و ججوں کی نجی زندگی میں مداخلت کی نہ صرف مذمت ہونی چاہئے بلکہ خلاف کارروائی بھی ہونی چاہئے،عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتے ہےں اور آزادی کےخلاف کوئی ایکشن برداشت نہیں کریں گے۔

پاکستان بار کونسل نے ججز کے الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاسپریم کورٹ کے 3سینئر ججز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے، ججز کے الزامات کی تحقیقات لازمی ہے، عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،سپریم جوڈیشل کونسل ایسے الزامات کی تحقیقات کا فورم نہیں ،چیف جسٹس کو کمیٹی تشکیل دینی چاہئے۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میںعدلیہ کی آزادی و خود مختاری کے منافی اقدامات و مداخلت پر لکھے گئے خط پر تشویش کا اظہار کیاگیا،اعلامیے میں کہا گیاعدلیہ کی آزادی پر حرف آنا نظام عدل، انصاف و معاشرے کیلئے شدید نقصان دہ ہے، آئین و قانون کی عملداری، عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کے اصولوں کےساتھ کھڑے ہیں،عدلیہ کی آزادی کی خاطر تحریک بھی چلانا پڑی توگریز نہیں کریں گے، آزاد و خود مختار عدلیہ کے آئینی اصول کی پاسداری کرتے ججز کے پیشہ ورانہ امور کی آزادانہ ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین ڈسپلن کمیٹی اسلام آباد بار کونسل راجہ علیم عباسی نے کہامطالبہ نہیں کوئی چیف مستعفی ہوں، الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیں، سنگین چارج شیٹ کا سب کو جواب دینا ہوگا۔

صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ریاست آزاد نے کہاتمام اداروں کا کردار متعین ہے ،کوئی ادارہ کسی بھی ادارے میں مداخلت نہیں کر سکتا اگر کوئی ادارہ مداخلت کرتا ہے تو غیر قانونی ہے ، بھوک ہڑتال، ریلیاں نکالنی پڑیں یا تحریک چلانی پڑی تو کریں گے۔

سندھ ہائیکورٹ بار نے کہاعدالت معاملات میں مداخلت پر تشویش ہے،خط کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے 3ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے،عدلیہ کے معاملات میں مداخلت عدالتی نظام پر ضرب لگانے کے مترادف ہے،حالیہ ہونے والے انکشاف نے ججوں کی ساکھ، کارکردگی کو متاثر کیا،خاندان کے ذریعے یا براہ راست دباو ڈالنے کا عمل ججوں کی پرائیویسی میں مداخلت کی بدترین مثال ہے، سندھ ہائی کورٹ بار عدلیہ کی آزادی و آئین کی بالادستی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا بار عدلیہ کی آزادی کو بری طرح متاثر کرنے والی خفیہ ایجنسیوں کو بے نقاب کرنے پر ججز کو سلام پیش کرتی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا طرز عمل قابل تعریف نہیں وہ ججز کے دفاع کےلئے کام کرنے میں ناکام رہے ،خفیہ اداروں کی پسند کے فیصلے حاصل کرنے کےلئے مداخلت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،خفیہ ایجنسیوں کےساتھ تعاون کرنےوالے ججز کےخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی کرے،امید ہے چیف جسٹس ججوں کے تحفظ کےلئے کام کریں گے، لاہور ہائیکورٹ بار عدلیہ کی آزادی کےلئے وکلا کا قومی کنونشن بلائے گی۔

بلوچستان بار کونسل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے سو موٹو لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہااسلام آبادہائیکورٹ کے ججز کا خط تشویشناک عمل ہے، عدالتی امور میں مداخلت کسی صورت قبول نہیں، پاکستان بار کونسل ملک گیر اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے۔

خیبرپختونخوا بار کونسل نے کہاعدالتی امور میں مداخلت قابل مذمت ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط تشویشناک عمل ہے،جج کسی شخص یا ادارے کی عدالتی امور میں مداخلت پر اقدامات اٹھائے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے تحفظ کےلئے کردار ادا کریں گے۔

دریں اثنا ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کےساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ملتان ہائیکورٹ بار ملک سجاد نے کہا قانون کی حکمرانی و آئین کی بالا دستی کا مطالبہ کرتے ہیں، بطور بار عہدیدار ججز ،وکلا کےساتھ کھڑے ہیں،ججز پر دبا ﺅغیر قانونی و غیر آئینی اقدام ہے۔

علاوہ ازیں قانونی ماہرین نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط میں لگائے گئے الزامات کو سنجیدہ قرار دیتے تحقیقات کو ناگزیر قراردےدیا، سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے خط کو عدلیہ کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تحقیقات کی سب سے بڑ ی ذمہ داری چیف جسٹس پر عائد ہوتی ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چاہیں تو سوموٹو لیں یا انتظامی سائیڈ پر دیکھیں مگر جلد از جلد تحقیقات کریںاگر عدلیہ تحقیقات نہیں کرتی تو حکومت ہائی لیول کمیشن بنائے،حافظ احسان احمد ایڈووکیٹ نے ججز کے خط کو سپریم جوڈیشل کونسل کے دائرہ اختیار سے باہر قرار دیتے ہوئے کہا چیف جسٹس فل کورٹ میٹنگ بلا کر معاملہ سن سکتے ہیں جبکہ سو موٹو کا اختیار بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

مزید برآں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کی اوپن کورٹ تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی،میاں داﺅد ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط طے شدہ منصوبہ لگتا ہے ،سپریم جوڈیشل کونسل ایسے تنازعات کی تحقیقات کا ادارہ نہیں ،ججزکا سپریم جوڈیشل کونسل کو خط عدلیہ کو سکینڈلائز (متنازع) کرنے کے مترادف ہے، 6 ججز نے اپنے خط میں بانی پی ٹی آئی کے صرف ایک مقدمے کی مثال دی اور کسی ایک بھی مقدمے کا واضح حوالہ اور ثبوت نہیں دیا،سپریم کورٹ خط پر بااختیار کمیشن بنا کر انکوائری کرائے۔