وزیرآباد، افسروں کی ملی بھگت سے غیر قانونی شکار میں اضافہ

وزیرآباد(مہر عاطف یاسین)محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی غفلت اور مبینہ طور پر افسران، فیلڈ سٹاف کی کمرشل شکاریوں سے ملی بھگت کے باعث پرندوں کے غیر قانونی شکار میں اضافہ ہوگیا۔ دیسی بدیسی پرندوں کی تعداد میں نمایاں کمی متعدد پرندے نایاب ہونے لگے۔

ہر سال سردی میں سائیبیریا اور روسی ریاستوں سے ہجرت کرکے آنے والے پرندوں جن میں مرغابی،ٹیل،ریڈ ہیڈ،نیل سر،چکوا،نڑی،چترول،بوبی برڈ،سخ،مگ،کونج،بٹیر،تلور،کشمیرا،سرخاب وغیرہ وزیرآباد کے مختلف علاقوں بالخصوص آبی پناہ گاہوں کا رخ کرتے ہیں جہاں شکاریوں کا غیر روائتی طریقوں سے شکار کرنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے اس ضمن میں محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے لائیسنس یافتہ شکاریوں کو ہفتہ میں ایک روز سرکاری چھٹی کے دن شکار کرنے کی اجازت ہوتی ہے مگر کمرشل بنیادوں پر کاروبار کر نے والے شکاری محکمہ کے فیلڈ سٹاف کی ملی بھگت سے سارا ہفتہ شکار کھیلتے اور شکار کے دوران محکمہ کے قوائد وضوابط سے ہٹ کر شکار کرنے کے اوزار استعمال کئے جاتے ہیں تاکہ ایک ہی فائر سے زیادہ سے زیادہ پرندوں کو شکار کیا جاسکے اسی طرح دیسی پرندوں چڑیا، فاختہ ، شارک، سفید بگلوں کا بے دردی سے شکار کیا جاتا ہے۔ پرندوں کی بریڈنگ کا سیزن شروع ہو چکا ہے شکاری جگہ جگہ دھندناتے پھرتے ہیں۔

نایاب پرندوں کی نسل کشی کے باعث ان کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہورہی ہے جس کے ماحول پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔اس ضمن میں عوامی وسماجی حلقوں نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے اعلی حکام سے مذکورہ صورتحال بارے فوری سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔