کیریئر کے ابتدا میں مسلسل فلموں میں کام صرف کرایہ دینے کیلئے کیا: شرمیلا ٹیگور کا انکشاف

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں فلموں میں مسلسل کام صرف گھر کا کرایہ دینے کیلئے کیا تھا۔ شرمیلا ٹیگور نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے کیرئیر کی ابتدا میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ابتدا میں فلموں میں مسلسل کام کبھی صرف اسلئے کیا کہ گھر کا کرایہ ادا کرسکوں اور کبھی اسلئے کہ میرے ساتھی اداکار کو لگتا تھا کہ اگر میں ان کی فلم کا حصہ بنوں گی تو یہ ان کے کیرئیر کیلئے اچھا ہوگا۔ انہوں نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان سے اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جب شادی کرنے کا فیصلہ کیا تو میری شادی کے بارے میں یہ پیشگوئی کی گئی تھی کہ اگر میں شادی کے بعد بھی فلموں میں کام کرتی رہی تو میری شادی ایک سال بھی نہیں چلے گی۔اداکارہ نے بتایا کہ لوگوں کا خیال تھا کہ شادی اور میرا فلمی کیریئر آپس میں مطابقت نہیں رکھتے لیکن میری زندگی میں شادی اور ایک کامیاب فلمی کیرئیر کے امتزاج کو کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔واضح رہے کہ شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی کی شادی 27 دسمبر 1968 کو اسلامی روایات کے مطابق ہوئی تھی۔اس جوڑی کو ابتداء میں مذہب مختلف ہونے کی وجہ سے کچھ مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن دونوں کی محبت غالب رہی اور یہ شادی خوشگوار اور کامیاب رہی۔