پسپ پروگرام کے تحت ہائی سٹریٹ پر اسفالٹ ڈالنے کا کام مکمل

ساہیوال:(بےورورپورٹ) پسپ پروگرام کے تحت ہائی سٹریٹ پر اسفالٹ ڈالنے کا کام مکمل ہو گیا ہے جس سے شہر کی اس سب سے اہم اورمصروف سڑک پر شہریوں کی سفری مشکلات کم ہونگی، علامہ اقبال روڈ کے بعد یہ دوسری سڑک ہے جس پر اسفالٹ کا کام مکمل ہوا، دوسرے مرحلے میں ان دونوں سڑکوں کے کناروں پر ٹف ٹائل لگانے، سیوریج لائن تعمیر کرنے اور سٹریٹ لائٹس کا کام بھی اسی ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ بات سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے کمشنرآفس میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، انہوں نے بتایا فرید ٹاون روڈ کی توسیع کا جاری کام بھی 15فروری تک مکمل کر لیا جائے گا، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر نے پسپ حکام کو سختی سے ہدایت کی سڑکوں کے اس جاری کام کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے، سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے مزید بتایا شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی تیزی سے عمل درآمد جاری ہے اور یونین کونسل نمبر6اور12(سٹی ایریا اور فرید ٹاون) میں پائپ بچھانے کا کام 85، 85فی صد مکمل کر لیا گیا ہے اور وہاں بالترتیب 223384فٹ کے ہدف میں سے 188766اور309386فٹ کے ہدف میں سے262705فٹ پائپ ڈالا جا چکا ہے۔