پولیو ٹیمیں بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہر صورت مکمل کریں، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ

چنیوٹ :( رانا وقاص)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ ضلع میں انسداد پولیو کی جاری مہم میں اب تک 2 لاکھ 88ہزار323 بچوں کو پولیو سے بچاو کے حفاظتی قطرے پلائے جا چکے ہیں اور مہم کا97.04 فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیا گیا،یہ بات ڈپٹی کمشنرنے انسداد پولیو کی جاری مہم کے اہداف کے جائزہ اجلاس میں بتائی ، جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل طارق ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل ، نمائندگان عالمی ادارہ صحت اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیمیں کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کوتلاش کرکے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مکمل کریں۔علاوہ ازیں ڈورمارکنگ چیک کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز مہم کی مانیٹرنگ جاری اور والدین سے بچوں کو قطرے پلوانے کی تصدیق کریں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد خلیل نے بریفنگ دیتے ہوئے مہم کے اہداف سے آگاہ کیااور بتایا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ جاری ہے اور سو فیصد اہداف کے لئے پرعزم ہیں۔