لاہور:(خبر نگار،اپنے نمائندے سے)وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک،علیحدہ ہوں تو ادارے برے لگتے ہیں،فائدہ ملنے پر اداروںکووالد کا درجہ نہ ملے تو سوتیلا بنادیا جاتا ہے،نظام عدل پر سنگین سوالات ہیں ،کسی اصول پر سب کو اتفاق کرنا،رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔
بیکن ہاﺅس نیشنل یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاملک میں 10ہزار ارب ٹیکس چوری ہورہی ہے، ٹیکس وصولی کی شرح میں اضافے کی بہت ضرورت ہے، ملکی آمدن ،خرچ میں فرق بہت زیادہ ہے، ٹیکس محصولات عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جاتے ہیں، ٹیکس کی شرح میں کمی بڑا چیلنج ہے، تعلیم، صحت و دیگر سہولیات کےلئے ٹیکس وصولی کا مربوط نظام ناگزیر ہے، پاکستان میں مجموعی ملکی پیداوار کے تناسب سے ٹیکس کی شرح 9فیصد ہے، گورننس کے نظام میں بہتری لانی ہے،نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نوجوانوں سے بات کرکے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، نوجوانوں کو ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہاماحولیات کے قانون پر عملدر آمد بہت ضروری ہے، معاشرے کو بھی رویہ تبدیل کرناہوگا،نظام عدل پر بڑے سنگین سوالات ہیں، اسلام آباد میں قانون کے مطابق مظاہرین کو روکا گیا، مظاہرین کے پتھرا ﺅیا حملے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے،حراست میں لیے گئے تمام افراد کو رہا کردیا ، کسی کو بھی کسی کی جان لینے کا کوئی حق نہیں، ریاست تشدد کی اجازت نہیں دے سکتی، اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی،دوران گفتگو طلبہ نے سوال کیا قاسم کے ابا کو ہٹایا جاتا ہے تو عدالتیں 12بجے کھل جاتی ہیں،یوسف رضاگیلانی،نوازشریف کوہٹاناہوتو عدالتیں12بجے کھول دی جاتی ہیں، نورمقدم ، زینب قتل،موٹروے زیادتی کیس پرعدالتیں کیوں نہیں کھلتیں؟ کیا انصاف میں تاخیر ناانصافی کے مترادف نہیں ؟۔
انوار الحق کاکڑ نے جواب دیانظام عدل پرسنگین سوالات ہیں،جب تک سوالات کے جوابات تلاش نہیں کریں گے کسی کا محفوظ رہنا مشکل ہے،قاسم کے اباخودہوتے ہیں توحمیدکی اماں نظرنہیں آتیں، ریاست کے چند اداروں سے مستفید ہوتے ہیں تو ابا کا درجہ نہ ہونے پرسوتیلا باپ بنالیتے ہیں،والد نہیں بنانا تو فیصلہ کرلو اور پھر خود والد بنو،والد گھر کی سربراہی کرتا ہے تو ذمہ داری لیتا ہے،والد بچوں کی تمام ذمہ داری خوداٹھاتا ہے،والد پھر ہمسائے میں حمیدکے والدسے نہیں کہتامیرے بچوں کاخیال رکھنا،حمید کے والد کی طرف دیکھتے رہو گے تو قاسم کے اباکامسئلہ خراب رہے گا،سب کےلئے یکساں اصول کا اطلاق ضروری ہے،اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک،علیحدہ ہوں تو ادارے برے لگتے ہیںایسے رویوں میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہاتمام حکومتیں چاہے جمہوری ہوں یا آمرانہ دورتسلسل کےساتھ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے،10 ہزار ارب سے زائد کی ٹیکس چوری ہوتی ہے،قابو نہیں پاسکے،دستایزی کی بات کررہا ہوں،باقی 80 فیصد غیردستاویزی معیشت ہے،نگراں وزیراعظم کے طور پر مجھے فخر ہے برسوں کے بعد گزشتہ سہ ماہی ٹیکس ہدف پورا کیا اگر نگران 3مہینے میں کرسکتے ہیں تو پھر دوسری حکومتیں کیوں نہیں کرسکتیں،مستقل بنیادوں پرنہ ہونے کامطلب ہے حکومتی ڈھانچے میں سنگین خامیاں ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاملک میں قوانین کا نفاذ تمام حکومتوں کا مسئلہ رہا، معاشرہ خود قوانین کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ بن جاتا ہے،قوانین موجود ہیں مگر جب نفاذ کرتے ہوئے کسی کےخلاف کارروائی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو پھر شور شروع ہوجاتاہے شخص کے حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے،انسانی حقوق کے گروپ سامنے آکھڑے ہوتے ہیںدیگر مسائل اپنی جگہ مگر معاشرے میں بھی قوانین کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا رجحان پایا جاتا ہے،سول سٹرکچرل اصلاحات ،بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے،نوجوانوں کو بیرون ملک ضرور مواقع تلاش کرنے چاہئیں، ہونہار نوجوانوں کا ملک سے جانا برین ڈرین نہیں بلکہ اثاثہ بن رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاسال نو کی تقریبات نہ منانے کا مقصد دنیا کو فلسطینیوں پر ہونےوالے مظالم سے آگاہ کرنا تھا، فلسطین میں جاری خونریزی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مسئلہ فلسطین پر اسلامی تعاون تنظیم سمیت تمام عالمی فورمز پر بھرپور موقف پیش کیا، مغرب پر واضح کردیافلسطینی بھائیوں کےساتھ کھڑے ہیں ،براہ راست جنگ میں ملوث نہیں نہ ہی میں 24کروڑ عوام کو جنگ میں جھونکنے کا فیصلہ کرسکتا ہوں مگر ہر فورم پر فلسطین کےلئے آواز اٹھارہے ہیں اور چاہتے ہیں کسی طرح جنگ بند ہو،دنیا کو بتایا فلسطین میں ظلم و تشدد سے 1.5ارب مسلمان اضطراب میں ہیں، پہلا مطالبہ جنونی جنگ کا خاتمہ ہے، عسکری قیادت نے بھی مسئلے پر امریکہ سے بات کی۔
قبل ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت سے ملاقات کےلئے گھر پہنچے اور خیریت دریافت کی، ملاقات کے دوران مجموعی ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی ہمراہ تھے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا چودھری شجاعت پاکستان کے معتبر سیاستدان ہیں، خیریت دریافت کرنے آیا ہوں، چودھری شجاعت نے ہمیشہ رواداری اور مفاہمتی سیاست کوفروغ دیا۔
نظام عدل پرسوالات،جوابات تلاش کرنے تک کسی کامحفوظ رہنا مشکل ہے،وزیراعظم


















