سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کا حکم ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کا ٹرائل کورٹ کا حکم چیلنج کردیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا سائفر عدالت کا 14 دسمبرکا حکم نامہ اسلام آبادہائیکورٹ کے 21 نومبر کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے اپنے حکم میں سائفرکیس کی رپورٹنگ پربھی پابندی عائد کردی جو خلاف آئین ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی، انصاف کو صرف ہونا نہیں بلکہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے اس لیے انصاف کے تقاضے پورےکرنے کےلئے عوام اور میڈیا کی موجودگی میں اوپن ٹرائل ضروری ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ٹرائل کورٹ کا 14دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روکا جائے ۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کے آرڈر کےخلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو فرد جرم عائد کرنے کے عدالتی حکمنامے کےخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔

مزید برآں احتساب عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کو سماعت کیلئے مقرر کرلیا،ایک روز قبل نیب کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ کیخلاف دائر ہونےوالے ریفرنس پر احتساب عدالت میں 23 دسمبر کو سماعت جج محمد بشیر کریں گے،احتساب عدالت نے سماعت کے حوالے سے ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کردئیے۔