ممبئی (مشرق نیوز) دھوکہ دہی کیس میں بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے اداکارہ کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد 30 ہزار روپے کے عوض ان کی 26 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کی ہے۔کولکتہ کی عدالت نے اداکارہ کو پولیس کو اطلاع دیے بغیر ملک سے باہر جانے کی بھی ہدایت کی ہے۔زرین خان ممبئی سے عدالت پہنچی تھیں اور اب عدالت نے انہیں ہر سماعت پر پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔اس سے قبل ستمبر میں اسی کیس میں کولکتہ کی عدالت نے اداکارہ کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے۔اس معاملے پر زرین خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ اداکارہ ایک فراڈ سکیم کا شکار ہوئیں، کالی پوجا تقریب کے منتظمین نے مبینہ طور پر انہیں گمراہ کیا اور بتایا کہ یہ تقریب سرکاری طور پر وزیراعلیٰ، وزیرکھیل، اور سابق وزیرکھیل کی جانب سے مغربی بنگال کی حکومت کی طرف سے منعقد کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ زرین خان کولکتہ جانے کیلئے ایئر پورٹ پر پہنچی تھیں جہاں انہیں اس دھوکے کے بارے میں اس وقت پتہ چلا جب ان پر اکیلے سفر کرنے کیلئے دباﺅ ڈالا گیا۔زرین خان کے وکیل نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ منتظمین نے اداکارہ کو دھوکہ دینے کیلئے اپنی جھوٹی شناخت کا استعمال کیا۔واضح رہے کہ زرین خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2018ء میں ایک شو میں پرفارمنس کے پیسے لئے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے پرفارم نہیں کیا اور نہ ہی اپنی غیر حاضری سے متعلق شو کے منتظمین کو آگاہ کیا۔
دھوکہ دہی کیس، بھارتی اداکارہ زرین خان کی عبوری ضمانت منظور

















