جماعت اسلامی ملک گیر عوامی بیداری مہم کا آغاز کر رہی ہے، ذیشان اختر

بہاولپور(قاسم بھٹی)نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب وامیدوار صوبائی حلقہ پی پی 254 سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 8 دسمبر سے نوجوانوں کے ذریعے ملک گیر عوامی بیداری مہم کا آغاز کر رہی ہے جس کے دوران ووٹ کے ذریعے حقیقی انقلاب کی بنیاد رکھی جائیگی ہر پولنگ سٹیشن کی سطح انتخابی کمیٹیاں بنائی جائیں گی تاکہ انتخابات میں کسی بھی قسم کی دھاندلی کا راستہ روکا جا سکے، الیکشن تک جماعت اسلامی کے مزید ایک کروڑ ووٹرز بنائے جائیں گے۔

الیکشن میں لاڈلوں اور سپر لاڈلوں کے درمیان نہیں بلکہ مظلوم اور ظالم کے درمیان مقابلہ ہو گا۔وہ اندرون شہر میں کارنر میٹنگ اور یوتھ کنونشن سے خطاب کررہے تھے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 50فیصدٹکٹس نوجوانوں کے پاس ہیں، آیندہ انتخابات میں کسی پارٹی سے نہیں، عوام سے اتحاد ہو گا۔ الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا الیکشن کمیشن کے حلف کا تقاضا ہے، انتخابات سے قبل انھیں متنازع نہ بنایا جائے۔حکمران جماعتوں کے نعرے، جھنڈے الگ، پالیسیوں میں یکسانیت ہے۔ ایک ہی قبیل کے ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار، مافیا گزشتہ 76برسوں سے ملک پر مسلط ہیں، انھوں نے اداروں کو تباہ کیا، قوم کو آئی ایم کا غلام بنایا، سرکاری خزانہ کو بے دردی سے لوٹا، توشہ خانہ تک کو نہیں چھوڑا، ان حکمرانوں نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف امریکی خوف کی وجہ سے ایک لفظ نہیں بولا۔ 8فروری ظالم کے احتساب کا دن ہے۔

ذیشان اختر نے کہاانتخابات سے قبل سٹیٹس کو پارٹیاں ایک دوسرے سے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، یہ سب مفادات کی گیم ہے جس کا عوام کی خوشحالی، امن اور ترقی سے کوئی سروکار نہیں۔ آیندہ 63دنوں میں جماعت اسلامی کا ہر کارکن 100نئے ووٹر بنائے گا۔ جماعت اسلامی کے کرپشن فری اسلامی خوشحال پاکستان کا پیغام ہر گھر تک دستک مہم کی صورت میں پہنچایا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں یکسوئی ہے کہ صرف جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔ گزشتہ ادوار میں روٹی، کپڑا، مکان، ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے، سب سے پہلے پاکستان اور حقیقی تبدیلی کے نعروں کے تحت عوام اور نوجوانوں سے دھوکا کیا گیا، حکمران پارٹیاں اب بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔ داران ہیں اور اس لحاظ سے جماعت اسلامی نوجوانوں کی ملک میں سب سے بڑی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔