معروف نعت خواں جنید جمشید کی ساتویں برسی7دسمبر کو منائی جائیگی
کراچی (مشرق نیوز) معروف نعت خواں جنید جمشید کی ساتویں برسی 7دسمبر کو منائی جائیگی۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ جنید جمشید 3 ستمبر 1964ءکوکراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے وائٹل سائز کے نام سے پاپ موسیقی کا بینڈ تشکیل دیا جس میں بطور گلو کار 1987ءمیں کیریئر کا آغاز کیا۔1987 میں ریلیز ہونے والے گیت”دل دل پاکستان“نے خاص طور پر جنید جمشید کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا، ان کے بینڈ کو پاکستانی ”پنک فلوائڈ“ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا تھا۔اس بینڈکی جانب سے ملی نغمہ ” دل دل پاکستان جاں جاں پاکستان “ متعارف کرایا جو عوام میں بے حد مقبول ہوا۔ 2004ءمیں معروف سکالر مو لانا طارق جمیل سے ملاقات نے جنید جمشید کی زندگی بدل دی اور گلوکاری میں بے پناہ شہرت کے باوجود ان کا رجحان دینی تعلیمات، درس و تدریس اور حمد و ثناءکی طرف ہو گیا۔ گلوکار ی کو خیرباد کہہ کر 2005ءمیں اپنی خوبصورت آواز میں انہو ں نے پہلا نعتیہ البم ”جلوہ جاناں“ ریلز کیا۔ بعد ازاں یہ سلسلہ چلتا رہا۔ انہیں 2007ءمیں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ 7 دسمبر 2016ءکو چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

















