پنجاب کا طبی نظام دیگر صوبوں سے بہتر ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں چوتھی وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری راجہ منصور احمد و دیگر نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کانفرنس کے دوران سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے چوتھی وائس چانسلرز کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس میں آنیوالے تمام وائس چانسلرز، پرنسپلز، ایم ایس حضرات اور ہسپتالوں کے ذمہ داران کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ کانفرنس کے دوران تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ ہر ٹیچنگ ہسپتال کے سربراہ میں لیڈر کی خصوصیات ہونی چاہئیں۔پنجاب کا نظام صحت باقی صوبوں کی نسبت بہت بہتر ہے۔ تاریخ میں پہلی بار پنجاب کے نظام صحت میں بہتری لانے کیلئے اتنی توجہ دی جا رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنیوالے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی ڈاکٹر عامر بلال سے ملاقات کی۔اس موقع پر سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈاکٹر عارف تجمل و دیگر موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر عامر بلال کے درمیان صحت سہولت پروگرام و دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈاکٹر عامر بلال کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر عامر بلال کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر عامر بلال نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کے ساتھ کھڑی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو وفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ 9 دسمبر کو پاکستان کی تمام طبی درسگاہوں کے سربراہان کے ہمراہ اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔