قاہرہ (مشرق نیوز) عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل العسومی نے کہا ہے کہ غزہ کے زخمیوں کی تعداد اور نوعیت کو دیکھ کر بھی اسرائیل کے جنگی جرائم آشکار ہو رہے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عادل العسومی نے مصری علاقے سینا کے ہسپتال العریش کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج فلسطینیوں کی عیادت کی۔ عادل العسومی نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کو پہنچنے والے زخموں کی جسامت اور قسم کو دیکھ کر صہیونی فوج کی طرف سے کئے گئے گھناﺅنے جرائم کی عکاسی ہو رہی ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جو بھیانک جرائم کر رہا ہے وہ وہ اس سے مختلف ہے جو میڈیا میں رپورٹ کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مصری صدر السیسی کی قیادت میں مصر کا موقف اور کوششیں مسئلہ فلسطین کے لیے ایک حفاظتی ڈھال کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ عرب پارلیمنٹ کے سپیکر نے مصر کے شہر رفح کا دورہ کیا اور غزہ کی پٹی تک امداد پہنچانے اور زخمی فلسطینیوں کو وصول کرکے ہسپتالوں میں ان کا علاج کرنے کے لیے مصر کی کوششوں کا جائزہ لیا۔عادل العسومی نے انسانی ہمدردی کے قافلوں کو لیس کرنے اور تیار کرنے میں مصری ہلال احمر کے اہم کردار کو بھی سراہا۔
اسرائیلی جنگی جرائم آشکار ہو رہے ہیں،سپیکرعرب پارلیمنٹ عادل العسومی
















