صہیونی فوج خطرناک،شام اور لبنان پر بھی حملے، غزہ میں مزید131فلسطینی شہید،650زخمی

غزہ،تل ابیب(مشرق نیوز)اسرائیل نے 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ پر دوبارہ بمباری کے علاوہ جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلانے کی کوشش شروع کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کردیے،شامی علاقے پر اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے روس نے کہا دمشق پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی اورعالمی قانون کی خلاف ورزی ہے،اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنانی سرحد کوبھی نشانہ بنایا گیا جس میں 3 لبنانی شہری شہید ہوگئے، اسرائیلی حملوں کےخلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی ایک گھنٹے میں اسرائیل پر 5 حملے کردیے،غزہ میں عارضی جنگ بندی ختم ہونے پر اسرائیل کی خوفناک بمباری جاری ہے جس میں مزید 131 فلسطینی شہید اور 650 زخمی ہوگئے جس کے نتیجے میں 2روز میں شہدا کی تعداد 240 ہوگئی، شہدا میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں،بی بی سی اور الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے رفح کراسنگ کے ذریعے اشد ضروری امداد بھی آنا بند ہو گئی ہے،شمالی غزہ میں اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے جنگجوو¿ں کے درمیان شدید جھڑپیں ہورہی ہیں جب کہ پورے غزہ پر اسرائیلی فوج کی اندھادھند بمباری جاری ہے ادھر اسرائیل غزہ میں بفر زون کا قیام چاہتا ہے، اس نے عرب ممالک کو اس حوالے سے آگاہ بھی کر دیا ہے،مصری اور علاقائی ذرائع نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسرائیل چاہتا ہے کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان شمال سے جنوب تک بفر زون ہو،ذرائع کے مطابق اسرائیل کے بفر زون کا مقصد ہے کہ حماس اور دیگر عسکریت پسندوں کو اسرائیل میں حملے سے روکا جا سکے،اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے غزہ کو بچوں کےلئے دنیا کا خطرناک ترین مقام قرار دیا ہے،سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے اسرائیل اور فلسطین کے بچے امن اور بہتر مستقبل کے حقدار ہیں، ہم تمام فریقین سے بچوں کو محفوظ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔