بطور سپورٹ ڈانسر کیریئر کا آغاز کیا:اداکارہ کرن حق

کراچی (مشرق نیوز) ماڈل و اداکارہ کرن حق نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے انتہائی کم عمری میں بطور سپورٹ ڈانسر کیریئر کا آغاز کیا جب کہ کئی سال تک وہ جونیئر آرٹسٹ کے طور پر کام کرتی رہیں۔کرن حق حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری پر کھل کر بات کی۔انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلی بار ’تیرے پہلو میں‘ نامی ڈرامے میں اداکاری کرنے سے شہرت ملی، مذکورہ ڈرامے کی پانچ ہزار قسطیں تھیں اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگئیں۔ان کے مطابق انہیں جونیئر آرٹسٹ سے مرکزی اداکارہ بننے میں کافی عرصہ لگا لیکن ان ہی ہدایت کاروں نے انہیں مرکزی کردار دیے، جن کے ساتھ انہوں نے سپورٹنگ اداکارہ کے طور پر کام کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان کا اداکاری کرنے کا کوئی شوق نہیں تھا لیکن انہیں یہ بھی علم نہیں ہوسکا کہ انہوں نے اداکاری کیوں منتخب کی اور کیسے مذکورہ شعبے کو اپنایا۔کرن حق نے یک طرفہ محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی کسی مرد کے ساتھ یک طرفہ محبت نہیں ہوئی، البتہ ان کے ساتھ کئی افراد کو ہوئی۔انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ بڑی شاطر اور چالاک ہیں، وہ سمجھ جاتی ہیں کہ کون سے مرد کی نظریں کیا کہتی ہیں اور وہ ان سے کیا چاہتے ہیں، اس لیے انہوں نے ایسی یک طرفہ محبت کرنے والے تمام مردوں کی کوششیں ناکام بنائیں۔زندگی کی سب سے بڑی کامیابی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بیٹے کو سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل ان کی شادی کے رشتے کم آتے تھے کیوں کہ وہ خود بھی شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کا خیال تھا کہ وہ پیسے کما کر اہل خانہ کی مدد کریں، اس لیے وہ شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں، کیوں کہ شادی کے بعد لڑکیاں گھر والوں کی مدد نہیں کر سکتیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد خواتین شوہروں کی اجازت کی محتاج ہوتی ہیں، اگر انہیں وہ ملازمت یا کمانے کی اجازت دیں گی تو وہ پیسے کمائیں گی؟