اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے حکومت کا الٹی میٹم صرف افغان باشندوں کےلئے نہیں، تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کےلئے ہے،سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا ہم نے غیر قانونی مقیم افراد سے متعلق بات کی تھی لیکن اس کا غلط پیغام چلا گیا، ہم نے غیر قانونی طور پرپاکستان میں موجود افراد کو نکالنے کی بات کی لیکن ایسا پیغام گیا کہ شاید صرف افغان شہریوں کو نکال رہے ہیں، حکومت کا پیغام صرف افغان شہریوں کےلئے نہیں، تمام غیرقانونی مقیم افراد کےلئے ہے، کسی ملک میں یہ نہیں ہوتا کہ کوئی غیرقانونی طور پر آ کر بیٹھ جائے،نگران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کسی کے پاس ریفیوجی کارڈ ہے یا ویزا ہے تو وہ ہمارا مہمان ہے، حکومت ایران سے آنے والے بلوچوں کو بھی نکال رہی ہے،تاثر دیا جا رہا ہے یہ نسلی معاملہ ہے لیکن یہ نسلی معاملہ نہیں ہے، ہم تمام غیرقانونی طورپر مقیم افراد کو نکالنے کی بات کر رہے ہیں۔
الٹی میٹم صرف افغانیوں نہیں تمام غیر ملکیوں کیلئے ہے: سرفراز بگٹی


















