ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی گڑوی والے پل کے اطراف جانوروں کو فوری نکالنے کی ہدایت، علاقے میں گندگی کی بڑی وجہ جانوروں کے باڑے ہیں، شہریوں کی سہولت کیلئے کوڑے کے کنٹینرز بھی رکھے جائیں، کمشنر کی ہدایت۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے فتح شیر کالونی سے ملحقہ خالی جگہ کو صاف کرانے اور قبضہ مافیا سے بچانے کیلئے فینسنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی آمدن بڑھانے کیلئے نئے وسائل بھی تلاش کریں اور شہر میں جہاں جہاں غیرقانونی پارکنگ ہورہی ہے اسے ریگولیرائز کریں۔ اجلاس میں سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر 28اگست کو11اور 29اگست کو12پائپ لگائے گئے جس سے 42انچ پائپ لگانے کی شرح 73 فیصد ہوگئی ہے توقع ہے کہ پائپ بچھانے کا تمام کام ستمبر میں مکمل ہوجائیگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تمام وسائل مڈھالی روڈ پر لگانے کی ہدایت کی تاکہ اسے مقررہ مدت میں مکمل کر کے عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے جی ٹی روڈ کی گرین بیلٹ کی صفائی کروانے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شہر کی 8اہم سڑکوں ریلوے روڈ، کھوکھا بازار، چرچ روڈ اور مزدور پلی کے اطراف بھی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔
میونسپل کارپوریشن افسران آمدن بڑھانے کیلئے نئے وسائل تلاش کریں :کمشنر ساہیوال
















