اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صحابہ اور اُمہات المومنین کی توہین کا بل واپس جبکہ صدر مملکت نے اپنے سیکرٹری وقار احمد کو ہٹانے کی سفارش کردی۔
عارف علوی نے اعتراضات عائد کرتے ہوئے کوڈ آف کرمنل پروسیجر ترمیمی بل 2023 اعتراض لگا کر واپس کیا، صدر مملکت نے توہین صحابہ جرم کو ناقابل ضمانت اور پولیس کو بنا وارنٹ گرفتاری کے اختیارات پر اعتراض اٹھایا۔
دستیاب دستاویز کے مطابق صدر مملکت نے توہین صحابہ کے مرتکب مجرم کی سزا 3 سے بڑھا کر 10 سال کرنے پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ عارف علوی نے اعتراضات میں آئین کے آرٹیکل 8، 9، 10، 10 اے اور 14 کا حوالہ دیا اور اعتراض کیا مجوزہ بل کے تحت جرم کو ناقابل ضمانت اور پولیس کو بنا وارنٹ گرفتاری کا اختیار دیا گیا، بل میں دئیے گئے اختیارات پولیس کے دائرہ اختیار سے بڑھ کر ہیں۔
صدر نے اعتراض کیا بل کے تحت دئیے گئے اختیارات غلط مقاصد کےلئے استعمال ہوسکتے ہیں، بل معصوم شہریوں کےخلاف بھی غلط استعمال ہونے کا خدشہ ہے، پارلیمنٹ اختیارات کے غلط استعمال کا نوٹس لے۔
علاوہ ازیںصدر مملکت نے گزشتہ روز کے واضح بیان کے پیش نظر سیکرٹری کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کردیں۔ ایوان صدر نے وزیرِاعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے نام خط میں کہا سیکرٹری وقار احمد کی مزید خدمات درکار نہیں لہٰذا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کی جاتی ہیں، 22 گریڈ کی افسر حمیرا احمد کو صدر مملکت کا سیکرٹری تعینات کیا جائے۔
صدر نے سیکرٹری کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کردیں


















