اسلام آباد (مشرق نیوز) آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ملک میں سپیشل عدالت قائم کر دی گئی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا اضافی چارج انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو سونپ دیا گیا ہے۔ جج ابوالحسنات آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت کریں گے۔ ملک بھر میں ابھی تک آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی ایک عدالت قائم کی گئی جو اسلام آباد میں ہے، قانون کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت ان کیمرا ہو گی۔
دریں اثنا عدالت میں آج پہلا مقدمہ شروع ہوگیا، تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ ان پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سائفر گمشدگی کا مقدمہ درج ہے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کے خلاف ان کیمرا سماعت شروع کردی، اس دوران کمرہ عدالت میں موجود غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا، عدالت کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔
ایف آئی اے کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پرعدالت نے شاہ محمود قریشی کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ دیدیا۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت پہلی خصوصی عدالت قائم، شاہ محمود کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ


















