یمن میں حوثی حکام نے سویڈن کی درآمدات پر پابندی لگا دی

صنعا(مشرق نیوز)یمن میں شمالی علاقوں پر قابض حوثی حکام نے سویڈن میں 28 جون کو قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنے زیر تسلط علاقوں میں سویڈن کی اشیا درآمد کرنے پر پابندی عائد کردی ۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی وزیر تجارت نے کہا کہ یمن پہلا اسلامی ملک ہے جس نے مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات اور قرآن مجید کی بے حرمتی پر ٹھوس جواب دیتے ہوئے سویڈش اشیا کی درآمد پر پابندی لگا دی ہے۔وزیر تجارت نے سویڈش کی درآمدات کو محدود قرار دیا لیکن کہا کہ اس فیصلے کی علامتی اہمیت ہے اور یہ کہ پابندی حوثیوں کیلئے کم سے کم تھی۔ انہوں نے کہا ہمارا برادر اسلامی ملکوں سے بھی مطالبہ ہے کہ وہ بھی سویڈن پر اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کردیں۔