غرب اردن، اسرائیلی فوج کے ڈرون حملے میں تین فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس (مشرق نیوز) فلسطین کے علاقے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے ڈرون سے ایک کار پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کار میں موجود تین افراد شہید ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک اسرائیلی فوجی پوائنٹ پر فائرنگ کے حملے کے بعد الجلمہ چوکی کے قریب فلسطینی عسکریت پسندوں کے ایک سیل پر بمباری کی۔ کار کو نشانہ بنانے کے واقعہ میں کم سے کم 3 فلسطینی مارے گئے۔قبل ازیں جنین میں کار کو نشانہ بنانے کے مقام کے قریب اسرائیلی فوج اور فلسطینی بندوق برداروں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اسرائیلی فوج نے جاں بحق ہونے والے تینوں فلسطینیوں کی لاشیں قبضے میں لے لی ہیں۔اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس نے دہشت گردوں کے ایک سیل کو ختم کر دیا جس نے یہودا اور سامریہ میں اسرائیلی قصبوں کی طرف فائرنگ کی کارروائیاں کی تھیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ فوجی دستوں نے شن بیٹ سے محتاط رہ نمائی کے ساتھ، ایک مشکوک کار کا پتہ لگایا جو کہ دہشت گردوں کے ایک سیل کو لےکرسفر کر رہی تھی۔ اسے جنین میں الجلمہ چوکی کے قریب ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ سیل کی نگرانی کے بعد فوج کے ایک ڈرون نے اسے نشانہ بنایا اور اسے ختم کر دیا۔