مسلح افواج ملکی تحفظ کی ضامن، اس کے وقار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا : اظفر علی ناصر

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ، ہاو¿سنگ، اوقاف اور مذہبی امور بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ 9مئی کو فوجی تنصیبات اور شہداءکی یادگاروں پر بلوائیوں کا حملہ ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے اور اس میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلانے کےلئے صوبائی حکومت سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے، مسلح افواج ملک کی سالمیت اور تحفظ کی ضامن ہیں جس کے وقار کو ہر صورت برقرار رکھا جائےگا۔وہ یہاں اپنے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اکرام الحق اور اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان فسادات میں ملوث4500افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں جاری ہیں اور ملوث افراد کے مقدمات فوجی اور انسداد دہشت گردی عدالتوں میں چلائے جائیں گے تاکہ معاشرے میں بد امنی اور دہشت پھیلانے والے عناصر کو قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت عوام کی مشکلات کو کم کرنے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے جس میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے ضلعی پرائس مجسٹریٹس کو فعال کرنا بھی شامل ہے -انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی نے صوبائی وزرا ءکو صوبے کے تمام اضلاع کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ حقیقی مسائل کی نشاندہی ہو سکے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے -صوبائی وزیر بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ کووڈ کے بعد عالمی سطح پر اشیاءصرف کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے پاکستان بھی شدید متاثر ہواہے -اس سے پہلے انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ساہیوال ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ لی اور ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ مالی سال کے اختتام سے قبل فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سکیمیں مکمل ہوں اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے ان سکیموں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔