آرمی ایکٹ کے مقدمات کی تفتیش اور ملزمان فوج کے حوالے کرنے کی تیاری

راولپنڈی (مشرق نیوز) پولیس نے نے آرمی ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی تفتیش فوج کے حوالے کرنے کی تیاری کرلی۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں جی ایچ کیو پر حملہ کرنے کا مقدمہ آرمی ایکٹ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں گرفتار ملزمان کو بھی فوج کے حوالے کیا جائےگا۔ واضح رہے سابق وزیرقانون راجا بشارت بھی مقدمے میں نامزد ملزم ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں پرتشدد واقعات کے خلاف 18 مقدمات درج ہیں، جن میں 225 ملزمان گرفتار ہیں۔ آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات کی تفتیش کے لیے نیا مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا۔تھانہ آراے بازار میں درج مقدمہ نمبر 708/23 میں آرمی ایکٹ کہ دفعات کا اضافہ ہوگا۔ جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ پولیس سب انسپکٹر ملک محمد ریاض کی مدعیت میں درج ہے۔ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7ATA سمیت 10 دفعات شامل ہیں جس میں سابق وزیر قانون راجہ بشارت اور پی ٹی آئی کارکن خالد جدون نامزد ہیں۔پولیس نے 6 ملزمان کو موقع سے گرفتار کیا تھا۔مقدمے کی تفتیش فوج کے حوالے کرنے کے تمام قانونی تقاضے پورے کرلئے گئے ہیں۔مقدمے میں اب تک گرفتار افراد کو بھی فوج کے حوالے کیا جائےگا۔دیگر 17 مقدمات کی آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کی بھی تجویز زیر غور ہے۔