صنعتی زونز میں ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے:ایس ایم تنویر
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ کا دورہ کیا اورجاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات بلال افضل بھی ایس ایم تنویر کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے پیڈمک کو لیبر کالونی کی زمین محکمہ محنت سے واپس لے کر خود تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ قائد اعظم بزنس پارک میں منعقدہ اجلاس میں شیخوپورہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر منظور ملک سمیت دیگر عہدیداران اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ سی ای او پیڈمک علی معظم سید نے صوبائی وزیر کو قائداعظم بزنس پارک کے ترقیاتی کاموں اور پلاٹس کی خرید و فروخت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ایس ایم تنویر نے لنک روڈز کی تعمیر کے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کےلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو فوری سمری بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صنعتی زون میں پولیس چوکی کے قیام کےلئے آر پی او شیخوپورہ کو خط لکھنے اور لیبر کالونی کی زمین محکمہ لیبر سے واپس لے کر خود تعمیر شروع کروانے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے موٹروے انٹرچینج کی تعمیر کےلئے سی ای او پیڈمک علی معظم سید اور منظور ملک کو این ایچ اے اور ایف ڈبلیو اے سے ملاقات کرکے معاملہ حل کروانے کا ٹاسک دیا۔ ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی زونز کے ترقیاتی کام بروقت مکمل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ متعلقہ محکموں سے معاملات حل کرانے میں خود معاونت کروں گا۔ بعد ازاں دونوں صوبائی وزرا نے قائداعظم بزنس پارک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

















