اسلام آباد (مشرق نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کے کیس میں عون چوہدری نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ عون چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کا ذاتی اسسٹنٹ، سیاسی سیکرٹری اور قریبی ساتھی تھا، ان کے تمام سیاسی اور ذاتی معاملات کو بھی دیکھتا تھا، عمران خان کی ریحام خان سے 2015 میں طلاق ہوئی۔ عدالت میں بیان میں عون چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بشریٰ بی بی نے کہا فی الفور ریحام خان کو طلاق دےدو، بشریٰ بی بی نے عمران خان کو کہا ریحام کو طلاق دینا ہی تمہارے لئے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریحام ملک میں موجود نہیں تھیں، بشریٰ بی بی کے کہنے پر عمران خان نے طلاق دے دی، عمران خان نے ریحام خان کو ای میل پر طلاق دی۔ عون چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان طلاق کے بعد ذہنی پریشانی کا شکار رہتے تھے، عمران خان مجھے اکثر اوقات کہتے کہ مجھے بشریٰ بی بی کے پاس لے جاو¿، بشریٰ بی بی کے ساتھ عمران خان کا ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر 2017 کو عمران خان نے کہا یکم جنوری کو بشریٰ بی بی سے نکاح کرنا ہے، انہوں نے مجھے کہا کہ نکاح کے انتظامات کرو، ان کی بات پر میں نے حیرانی کا اظہار کیا۔ عدالت میں بیان میں عون چوہدری نے کہا کہ میں نے کہا کہ بشریٰ بی بی پہلے سے شادی شدہ ہیں، عمران خان نے مجھے بتایا کہ انکی طلاق ہوگئی ہے۔ عون چوہدری نے بیان دیا کہ میں نے عمران خان کا یقین کیا اور اگلے دن مفتی سعید اور زلفی بخاری کو لےکر روانہ ہو، یکم جنوری 2018 کو عمران خان کا بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح لاہور میں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کا گواہ ہوں، نکاح سے قبل مفتی سعید نے میرے سامنے بشریٰ بی بی کے طلاق نامے کا پوچھا، عمران خان اور بشریٰ بی بی نے مفتی سعید کو کہا کہ طلاق نامہ دے دیا جائےگا، نکاح کے بعد معلوم ہوا کہ پچھلے نکاح کے طلاق کی عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہوا تھا۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کے کیس میں عون چوہدری کا بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست منظور کی تھی۔
عمران خان کیخلاف غیرشرعی نکاح کیس، عون چوہدری کا بیان ریکارڈ


















