نظر ثانی شدہ گرڈ کوڈ کی منظوری این ٹی ڈی سی کی شاندار کامیابی ہے : انجینئر توصیف ایچ فاروقی

لاہور (خبرنگار)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی حکام کی جانب سے چیئرمین نیپرا انجینئر توصیف ایچ فاروقی کو آج سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن (SCADA) فیز تھری اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔واپڈا ہاوس لاہور میں ہونے والی بریفنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان بھی شریک تھے۔ این ٹی ڈی سی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز، جنرل منیجرز، چیف انجینئرز، نیپرا کے افسران، ہٹاچی انرجی، چینی کمپنی، سی پی پی اے جی اور نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے نمائندے بھی بریفنگ میں موجود تھے۔ اجلاس کو سی ایم سی سی چائنا، ہٹاچی انرجی سوئٹزرلینڈ اور ہٹاچی انرجی سویڈن پر مشتمل کنٹریکٹر کنسورشیم نے منصوبے کی تکنیکی اور موجودہ پیشرفت کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بعدازاں این ٹی ڈی سی کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر سکاڈا فیز تھری پروجیکٹ کی جانب سے بریفنگ دی گئی جسکے بعدسوال جواب کا سیشن ہوا۔اس موقع پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ منصوبے پر موثر اور بروقت عملدرآمد بجلی کے نظام کی متوقع توسیع اور CTBCM ڈھانچے کے آپریشنل ہونے کے باعث پاور سیکٹر کے ارتقاءکیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سکاڈا کا موثر انفراسٹرکچر پورے پاکستان کے سب سٹیشنز اور جنریشنز کمپلیکس سے سسٹم آپریٹرز کو ڈیٹا کی فوری منتقلی یقینی بنائےگا جس سے یہ قابل اعتماد اور کم لاگت نیشنل گرڈ آپریشنز یقینی بناتے ہوئے ترسیل، آپریشن اور طلب و رسد کے توازن کے حوالے سے موثر فیصلے کر سکے گا۔دوسری طرف سی پی پی اے جی کو مارکیٹ آپریٹر کے طور پر بجلی کی طلب و رسد کو ہر گھنٹے کی بنیاد پر طے کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ مسابقتی سپلائرز کی طلب اور دو طرفہ معاہدوں میں حصہ لینے والی بجلی پیدا کرنیوالی فرمز کیساتھ توقع ہے کہ اس عمل کی وسعت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ اس لئے قابل اعتماد، درست اور موثر آپریشنز کیلئے پاور سسٹم آپریشنز، ڈسپیچ، کنٹرول، ڈیٹا کے حصول اور روابط کی ضرورت ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین نیپرا نے اس بریفنگ کی ہدایت کی تھی کہ وہ منصوبے پر عمل درآمد میں تاخیر کی وجوہات کو سامنے لائیں۔چیئرمین نیپرا نے این ٹی ڈی سی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ مینجمنٹ آفس کو خودمختار یونٹ کے طور پر تشکیل دیا جائے تاکہ منصوبے کی تکمیل کی نگرانی اور اس پر عملدرآمد میں تیزی لائی جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کنٹریکٹس کی تمام ڈیڈ لائنز پوری ہوں اور پراجیکٹ کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے شرکاءسے اظہار تشکر کیا۔بریفنگ سے پہلے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین نیپرا اور ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے این ٹی ڈی سی انجینئرز کی ٹیم کو سرٹیفکیٹ دیئے جنہوں نے نظرثانی شدہ گرڈ کوڈ 2023 تیار کیا۔ اس موقع پر توصیف ایچ فاروقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نظرثانی شدہ گرڈ کوڈ 2023 کی منظوری این ٹی ڈی سی کی شاندارکامیابی ہے۔