لاڈلا ریاستی اداروں اور قانون کا کھلم کھلا مذاق اُڑا رہا ہے :بیرسٹر عامر حسن

لاہور (قاسم رضا سے) عدالتی دست شفقت کے باعث لاڈلا ریاستی اداروں اور قانون کا کھلم کھلا مذاق اُڑا رہا ہے۔ سیاسی فتنہ اور اسکا فسادی ٹولہ ریاست کی رٹ کا مذاق اُڑا رہے ہیں۔ مفت آٹا تقسیم کے نام پر انسانیت کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ نگراں حکومت کا میکنزم مہنگائی کے مارے عوام کیلئے باعث شرمندگی بن رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما بیرسٹر عامر حسن نے روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ریاستی اداروں کو باور کرایا جا رہا ہے کہ زمان پارک کا مکین جتھوں کیساتھ ملکر ہر دوسرے روز اپنی مرضی مسلط کرتا رہیگا جس کا کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں تصور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خان کے طوطے کی جان گوگی میں محفوظ ہے جس روز انٹرپول اسے پکڑ کر لے آئی سارا کچھا چھٹا عوام کے سامنے آجائیگا۔ بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ مفت آٹا کے نام پر ہونیوالی بے ہودگی کا نوٹس لیں۔ آٹا کے تھیلے غریبوں کو باعزت طریقے سے بانٹنے کی بجائے پھینکے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برمضان شروع ہونے سے قبل لوٹ مارفیا سر گرم ہو چکا ہے۔ دکانوں پر ریٹ لسٹ نظر آتی ہے نہ کہیں ڈیوٹی مجسٹریٹ کام کرتا دکھائی دیتا ہے۔ گورننس کا معیار بہترین بنائے بغیر مسئلہ حل نہیں ہو گا ۔ پیپلز پارٹی روٹی کپڑا مکان کے نعرے کو عملی شکل دیکر اپنا منشور ثابت کریگی۔ انہوں نے تبدیلی لانے والوں کی اصلیت دیکھ لی ملک کو درپیش بحرانوں کا حل صرف پیپلزپارٹی ہے۔ نیازی ٹولہ اداروں کو بلیک میل کر کے اقتدار میں آنا چاہتا ہے۔ پیپلز پارٹی عوامی جماعت اور عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیگی ۔ انہوں نے کہا کہ قوم زمان پارک میں ہونیوالی سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہو چکی ہے۔