کے پی میں آپریشنز،فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک، بارودی مواد کا بڑا ٹھکانہ تباہ


راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)کے پی میں آپریشنز،فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک، بارودی مواد کا بڑا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 16 ،17 نومبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب کارروائیاں کی گئیں،جنوبی وزیرستان میں موثر کارروائی ،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے،بنوں میں 2 مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،6دہشتگرد انجام کو پہنچے،ٹانک میں ایک اور جھڑپ کے دوران خارجی کو ہلاک کیا گیا،ہلاک خوارج سے اسلحہ ،گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ۔

ادھر سکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی میں کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا بارودی مواد تیار کرنے کا بڑا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا،فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے رہائشی مکانات میں دھماکہ خیزمواد کی لیب بنا رکھی تھی،بھاری مقدارمیں آئی ای ڈیز، کواڈ کاپٹر اور دھماکہ خیزمواد تیار کرنے کا لٹریچر بھی برآمد کرلیا۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں،غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی،فتنہ الخوارج ،سہولت کاروں کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔