ایل ڈی اے، مجوزہ کمرشلائزیشن پالیسی سے قومی خزانے کو اربوں کے نقصان کا خدشہ

لاہور (میاں ذیشان) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی ناقص منصوبہ بندی، مجوزہ کمرشلائزیشن پالیسی سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچنے کا خدشہ، ایل ڈی اے میں ریونیو اہداف کے تعین اور مالیاتی منصوبہ بندی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے، کمرشلائزیشن فیس میں 50 فیصد کمی کی مجوزہ پالیسی نے ادارے کے مالیاتی اہداف کو خطرے میں ڈال دیا۔شعبہ ٹاﺅن پلاننگ کیلئے مالی سال 2026-27ءمیں کمرشلائزیشن فیس سمیت مجموعی طور پر 17 ارب روپے کا بھاری ریونیو ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم ڈی سی ویلیوایشن ٹیبل کے 20 فیصد کے بجائے 10 فیصد فیس وصول کرنے کی تجویز سے مقررہ ہدف کا حصول انتہائی مشکل ہو سکتا ہے۔ایل ڈی اے افسران کی جانب سے زمینی حقائق، مارکیٹ کی صورت حال اور ممکنہ پالیسی تبدیلیوں کو مدنظر رکھے بغیر ریونیو اہداف مقرر کرنے کے معاملے نے ادارے کی مالیاتی حکمت عملی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔مجوزہ کمی نافذ ہونے کی صورت میں نہ صرف ایل ڈی اے کی اپنی آمدن متاثر ہونے بلکہ حکومتی خزانے کو بھی اربوں روپے کے ممکنہ ریونیو سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق اور ترجمان ایل ڈی اے اسامہ محمود مجوزہ کمرشلائزیشن پالیسی سے متوقع نقصان پر لب کشائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی ناقص منصوبہ بندی اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے مجوزہ پالیسی کے تحت کمرشلائزیشن فیس کی شرح میں کمی سے ایل ڈی اے کے مالیاتی تخمینوں اور آئندہ مالی سال کے ریونیو اہداف میں نمایاں فرق پیدا ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ موجودہ شرح کے مطابق مجموعی طور پر 17 ارب روپے کی آمدن کا ہدف حاصل کرنے کیلئے جتنی جائیدادوں کی کمرشلائزیشن اور فیس وصولی درکار ہے، مجوزہ نصف شرح پر اسی حجم کی وصولی سے آمدن تقریباً 7 ارب روپے تک محدود رہ سکتی ہے، یوں موجودہ ہدف کے مقابلے میں تقریباً 8 ارب روپے سے زائد کی ممکنہ کمی واقع ہو سکتی ہے، بشرطیکہ کمرشلائزیشن کے حجم اور دیگر مالیاتی عوامل میں کوئی تبدیلی نہ آئے۔ یہ صورت حال اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران نے بجٹ سازی کے دوران پالیسی میں ممکنہ تبدیلیوں، جائیدادوں کی حقیقی مالیت اور فیس وصولی کے متبادل ذرائع کا مناسب جائزہ لیا ہے یا نہیں، جبکہ پہلے ہی غیر قانونی کمرشل تعمیرات، فیس نادہندگان اور طویل عرصے سے زیر التوا معاملات کی موجودگی میں ریونیو اہداف کے حصول کیلئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ مزید اہم امر یہ ہے کہ کمرشلائزیشن فیس میں کمی کا فیصلہ کسی ایک ڈائریکٹر، چیف ٹاﺅن پلانر یا ڈائریکٹر جنرل کی ذاتی صوابدید پر نہیں کیا جا سکتا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 1975ءکی دفعہ 28 اور فرسٹ شیڈول کے مطابق فیسوں اور چارجز کی شرحوں کا تعین اور اہم پالیسی فیصلے اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، لہٰذا مجوزہ تبدیلی کیلئے ایل ڈی اے کی مجاز اتھارٹی یعنی گورننگ باڈی کی منظوری اور متعلقہ قانونی و ضابطہ جاتی تقاضوں کی تکمیل بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ پنجاب حکومت کو ایکٹ کی دفعہ 17 کے تحت اتھارٹی کو ہدایات دینے کا اختیار بھی حاصل ہے۔ اسی ایکٹ کی دفعہ 31 کے تحت ڈائریکٹر جنرل بجٹ تیار کرکے اتھارٹی سے منظوری حاصل کرنے کا پابند ہے۔ ذرائع کے مطابق کمرشلائزیشن فیس میں 10 فیصد شرح کی حتمی منظوری رواں ماہ تک مل جائے گی اور منظوری کے فوراً بعد فیصلہ نافذالعمل تصور کیا جائے گا۔ دوسری جانب 20 فیصد سے 10 فیصد کمی کا معاملہ محض شہریوں کو مالی ریلیف دینے تک محدود نہیں بلکہ اس کے ساتھ ادارے کی مالی خودمختاری، ترقیاتی منصوبوں کیلئے وسائل کی دستیابی اور حکومتی مالیاتی اہداف بھی جڑے ہوئے ہیں۔ ایسے میں متعلقہ حکام کیلئے ضروری ہے کہ وہ مجوزہ فیصلے سے پہلے اس کے مالیاتی اثرات، متوقع کمرشلائزیشن کیسز، سالانہ وصولیوں اور متبادل ریونیو ذرائع کی جامع رپورٹ مرتب کریں، بصورت دیگر ناقص مالیاتی منصوبہ بندی اور غیر حقیقت پسندانہ اہداف کے باعث ادارے کو اپنے بجٹ میں نمایاں خسارے اور ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے وسائل کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بالخصوص جب ایل ڈی اے کی جانب سے پائن ایونیو سمیت دیگر اہم شاہراہوں کی کمرشلائزیشن سے بڑے پیمانے پر آمدن حاصل کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں اور پائن ایونیو کیلئے آئندہ پانچ برسوں میں 134 ارب روپے کی مجوزہ کمرشلائزیشن آمدن کا تخمینہ بھی سامنے آ چکا ہے، تو ایسے وقت میں فیس کی شرح نصف کرنے کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینا ناگزیر ہو جاتا ہے۔ جبکہ اس معاملے پر ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق اور ترجمان ایل ڈی اے اسامہ محمود سے رابطہ کرکے مجوزہ کمرشلائزیشن پالیسی، فیس میں 50 فیصد کمی، 17 ارب روپے کے سالانہ ریونیو ہدف اور ادارے کو ممکنہ مالی نقصان کے حوالے سے وضاحت اور موقف طلب کیا گیا، تاہم دونوں کی جانب سے تاحال کوئی جواب، وضاحت یا باضابطہ موقف پیش نہیں کیا گیا۔ اگر ڈی جی ایل ڈی اے یا ترجمان اس حوالے سے اپنا موقف پیش کرنا چاہیں تو ادارہ ہذا میں ان کا موقف من و عن شائع کیا جائیگا۔