لاہور: (شوبز رپورٹر) عالمی میوزک پلیٹ فارم ہمنوا نے پہلے سیزن کا ساتواں گیت ”کوئی اچھی خبر“ جاری کر دیا جو زندگی کی بے یقینی، داخلی کشمکش اور بہتر کل کی امید کو موسیقی اور شاعری کے ذریعے اجاگر کرتا ہے۔
ہنزہ کے پرفضا اور دلکش مناظر میں واقع آفٹو ریزورٹ، کریم آباد میں ریکارڈ کیا گیا گیت انسان کی ان داخلی کیفیات کی ترجمانی کرتا ہے جو اکثر خاموشی اور تنہائی کے لمحات میں جنم لیتی ہیں، ”کوئی اچھی خبر“ ایک ایسی شاعرانہ خود کلامی ہے جس میں سوال، اضطراب، حوصلہ اور امید ایک ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں،گیت کی کیوریشن معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان (زلفی) اور شیری خطاک نے کی ہے جبکہ مرکزی آواز فہیم الدین ہنزائی کی ہے۔
موسیقی میں شیری خطاک، میلوِن آرتھر، ہنائد، ڈورین جوناس گوئٹسچ، ویرو شان اور عدنان کریم نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ، گیت کے بول معروف شاعر عمران اللہ ہنزائی (رمز) نے تحریر کیے ہیں جبکہ دھن فہیم الدین ہنزائی نے ترتیب دی، موسیقی کی ترتیب زلفی اور شیری خطاک نے دی جبکہ پروڈکشن اور مکسنگ کے فرائض بھی زلفی نے انجام دئیے۔
عالمی میوزک پلیٹ فارم ہمنوا کا ساتواں گانا ”کوئی اچھی خبر“ ریلیز



















