کولمبین گلوکارہ شکیرا ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں بری ہوگئی

میڈرڈ (مشرق نیوز) ہسپانوی عدالت نے کولمبین گلوکارہ شکیراکو ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں بری کر دیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق سپین کی ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ شکیرا کو ادا کئے گئے جرمانوں کی مد میں 6 کروڑ یورو سے زائد رقم سود سمیت واپس کی جائے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق شکیرا پر ٹیکس چوری کے الزامات عائد کئے گئے تھے تاہم عدالت نے انہیں بے قصور قرار دیدیا۔ شکیرا پر الزام تھا کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران سپین میں رہائش کے باوجود بیرونِ ملک رہائش ظاہر کر کے تقریباً ایک کروڑ 45 لاکھ یورو ٹیکس ادا نہیں کیا۔

ہسپانوی قوانین کے مطابق اگر کوئی شخص6 ماہ سے زیادہ سپین میں قیام کرے تو اسے ٹیکس مقاصد کیلئے مقامی رہائشی تصور کیا جاتا ہے۔ شکیرا نے ہمیشہ الزامات کی تردید کی اور موقف اختیار کیا کہ اس عرصے میں ان کی زیادہ تر آمدنی عالمی میوزک ٹورز سے تھی اور وہ طویل عرصہ سپین سے باہر رہیں۔

قبل ازیں شکیرا نے استغاثہ کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا تھا جس کے تحت انہوں نے 75 لاکھ یورو جرمانہ ادا کیا جبکہ ان کے خلاف ممکنہ 8 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا ختم کر دی گئی تھی۔ شکیرا نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے بچوں کے بہترین مفاد میں کیا۔