لاہور (میاں ذیشان) پنجاب بھر میں اراضی ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گیا ہے اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دیہی و شہری اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک کر کے صوبے میں شفافیت، تیز رفتار سروس ڈیلیوری اور بدعنوانی کے خاتمے کی جانب ایک بڑی پیش رفت حاصل کی ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر جاری اس تاریخی منصوبے کے تحت کروڑوں شہریوں کو جائیداد کے ریکارڈ تک فوری رسائی، انتقالات، فرد کے اجرا اور ملکیتی تنازعات کے حل میں نمایاں سہولت حاصل ہوئی ہے جبکہ محکمہ ریونیو کے روایتی فرسودہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کردار انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے مجموعی طور پر تقریباً 55 ہزار سے زائد موضع جات میں سے 52 ہزار سے زائد موضع جات کا ریکارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹائز، اپڈیٹ اور ان لائن نظام سے منسلک کیا جا چکا ہے جبکہ باقی رہ جانے والے تقریباً 3 ہزار موضع جات میں ریکارڈ کی تصدیق، اسکیننگ، فرد ملکیت کی جانچ پڑتال اور انتقالات کے اندراج کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ بقایا موضع جات کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کرنے کے لئے رواں سال کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے اور اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور متعلقہ ریونیو افسران کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں تاکہ صوبہ بھر میں زمینوں کے ریکارڈ کو سو فیصد کمپیوٹرائزڈ بنایا جا سکے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے گزشتہ چند برسوں کے دوران لینڈ ریکارڈ سنٹرز کے قیام، آن لائن فرد کے اجرا، ای رجسٹریشن، بائیومیٹرک تصدیق، موبائل سروسز اور شہریوں کے لئے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کے ذریعے نہ صرف ریونیو نظام میں انقلابی تبدیلی پیدا کی بلکہ جعلی انتقالات، دوہرے ریکارڈ، پٹواری کلچر اور زمینوں کے تنازعات میں بھی نمایاں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے افسران کا کہنا ہے کہ پلرا نے مختصر عرصے میں اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے شعبے میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ ماضی میں کئی دہائیوں تک ممکن نہ ہو سکیں اور موجودہ ڈیجیٹل نظام نے عوام کے اعتماد میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ، شفاف لین دین اور سرکاری ریکارڈ کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا ہے۔ حکام کے مطابق بقایا موضع جات کی ڈیجیٹائزیشن مکمل ہونے کے بعد پنجاب ملک کا پہلا ایسا صوبہ بن جائیگا جہاں اراضی ریکارڈ مکمل طور پر آن لائن، محفوظ اور جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت دستیاب ہوگا۔
پنجاب میں اراضی ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے تکمیل کی راہ پر گامزن
















