لاہور (خبر نگار/ تصاویر: شاہنواز) ستھرا پنجاب اتھارٹی کے تحت جاری صفائی مہم کے باوجود لاہور تاحال مکمل طور پر ”ستھرا لاہور“ کا روپ اختیار نہیں کر سکا جبکہ شہر میں جاری آپریشنل سرگرمیوں اور بھاری مشینری کی موجودگی کے باوجود صفائی کے معیار پر سوالات برقرار ہیں۔ تمام ٹاونز میں ہزاروں ورکرز اور درجنوں ٹیمیں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن، سڑکوں کی صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے امور انجام دے رہی ہیں جبکہ شہر بھر میں ویسٹ کلیکشن گاڑیاں، لوڈر رکشے اور مکینیکل سویپرز بھی مسلسل متحرک ہیں، اس کے باوجود درجنوں ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کے نظام کے باوجود کوڑا کرکٹ کے موثر اور مستقل خاتمے میں نمایاں بہتری دکھائی نہیں دے رہی۔ شہر کے اہم مقامات میں ظہور الٰہی روڈ اور لنڈا بازار ریلوے اسٹیشن کے اطراف کچرے کے ڈھیر اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ صفائی کا نظام مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے زمینی سطح پر مہم کے نتائج محدود نظر آ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور جیسے بڑے اور گنجان آباد شہر میں آبادی کا دباو، بڑھتی ہوئی ویسٹ جنریشن اور فیلڈ لیول پر انتظامی و آپریشنل چیلنجز وہ عوامل ہیں جو ستھرا پنجاب اتھارٹی کی کارکردگی کو متاثر کر سکتے ہیں، اگر ان مسائل پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو “ستھرا لاہور” کا ہدف مکمل طور پر حاصل کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ستھرا پنجاب اتھارٹی کی جانب سے لاہور میں صفائی کیلئے ایک وسیع اور منظم نظام تو موجود ہے، تاہم زمینی حقائق یہ ظاہر کرتے ہیں کہ شہر ابھی مکمل طور پر “ستھرا لاہور” کی صورتحال تک نہیں پہنچ سکا۔
آپریشنل سرگرمیوں، بھاری مشینری، افرادی قوت کے باوجود ”ستھرا لاہور“ کا خواب ادھورا
















