سائبرکرائم یونٹ کا قیام،سوشل میڈیا کریمنلز کو انجام تک پہنچا کر مثال قائم کریں گے،مریم نواز


لاہور: (وقائع نگار)وزیراعلیٰ مریم نواز نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پر بچوں ،خواتین کی ہراسمنٹ ، بلیک میلنگ کے خاتمے کیلئے پنجاب سائبرکرائم یونٹ کے قیام کی منظوری دےدی۔

مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سائبر کرائم کے معاملے پر اہم فیصلے کئے گئے،پنجاب پولیس سائبر پٹرول ونگ ،سائبر پولیس اکیڈمی ، سوشل میڈیا مانیٹرنگ ، سرویلنس کےلئے انٹیلی جنس سسٹم بھی قائم کیا جائےگا۔

اجلاس میں بتایاگیابلیک میلنگ ،ہراسمنٹ کا شکار بچوں ، بچیوں کو شکایت کیلئے کسی تھانے یا دفتر میں نہیں جانا پڑےگا،شکایت کے اندراج کیلئے موبائل یونٹ قائم کیا جائےگا،سوشل میڈیا ہراسمنٹ کا شکار بچے بالخصوص خواتین ورچوئل پولیس سٹیشن پر شکایت درج کراسکیں گی،متاثرہ بچوں ،خواتین کی شناخت مکمل طورپرپوشیدہ رکھی جائے گی۔

سائبر کرائم یونٹ فرنٹ ڈیسک اور ”پی کے ایم“ایپ پر بھی شکایت درج کی جاسکے گی،سوشل میڈیا بلیک میلنگ ، ہراسمنٹ کا ارتکاب کرنے والے مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کےلئے قانون سازی کا فیصلہ کرلیا گیا،پنجاب آن لائن سیفٹی ایکٹ 2026ءکے ابتدائی مسودے پر کام شروع کردیاگیا،ایکٹ جلد پیش کیا جائےگا۔

وزیراعلیٰ نے سائبرکریمنل کی سرکوبی کےلئے پروایکٹو اپروچ اپنانے ،ڈیٹا کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہاسائبر کرائم بڑا چیلنج ، نئی نسل کا تحفظ چاہتے ہیں، بچیوں کو بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے ٹیکنالوجی و ٹولز کا بھرپوراستعمال کیا جائے گا،والدین بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال کو محدود کرنے پر توجہ دیں۔

مریم نواز نے کہابچوں ،خواتین کےخلاف ڈیجیٹل کرائم کو ہر صورت روکنا ہوگا،کسی بھی شخص کو دوسروں کی پرائیویسی میں دخل اندازی کا ہرگز حق حاصل نہیں، سوشل میڈیا کریمنلز کو انجام تک پہنچا کر مثال قائم کریں گے۔