بادشاہی مسجد، مقدس تبرکات 141 سال بعد نئے تعمیر کردہ ”لائبریری و کانفرنس ہال“ منتقل

لاہور(قاضی ندیم اقبال)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں محکمہ اوقاف پنجاب نے ایک اہم فریضہ کی تکمیل مکمل کر لی۔ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی لاہور کی سفارشات کی روشنی میں بادشاہی مسجد میں موجود گیلری کے مقدس تبرکات کو ایک منظم اور محفوظ عمل کے تحت141سال بعد نئے تعمیر کردہ ”لائبریری و کانفرنس ہال“ بادشاہی مسجدمیں منتقل کر دیا گیا۔محکمہ اوقاف پنجاب کے ذمہ داران نے ماہرین ، صوبائی و ضلعی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران کی نگرانی میں تبرکات کی شفٹنگ کا عمل مکمل کیا۔ اس اہم اقدام کا مقصد نہ صرف تبرکات کی بہتر حفاظت کو یقینی بنانا ہے بلکہ زائرین کو ان مقدس اشیاءکی زیارت کیلئے مزید سہولیات فراہم کرنا بھی ہے۔ تبرکات گیلری کے مقدس نوادرات کو ایک منظم اور محفوظ عمل کے تحت نئی جگہ منتقل کرنے کے موقع پر ڈائریکٹرجنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب،چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد ، ڈپٹی کمشنر لاہور ، ڈی آئی جی پولیس آپریشنز لاہور، ڈائریکٹر پراجیکٹ اوقاف، ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پریزرویشنوالڈ سٹی لاہور، نمائندہ ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ ، ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد ، نمائندہ سپیشل برانچ و دیگر بھی موجود تھے۔جبکہ تمام عمل کی نگرانی سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کی۔ لائبریری و کانفرنس ہال کا باضابطہ افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان آج جمعتہ المبارک کی دوپہر کریں گے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق تبرکات مقدسہ کی نئی جگہ منتقلی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور ہر مرحلے کو نہایت احتیاط اور عقیدت کے ساتھ انجام دیا گیا۔ تبرکات میں شامل مقدس اشیاءکو خصوصی حفاظتی بکسوں میں منتقل کیا گیا تاکہ ان کی اصل حالت برقرار رکھی جا سکے۔ نئی گیلری کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت، نمی اور روشنی کو کنٹرول کرنے کیلئے جدید نظام نصب کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف تبرکات کی طویل المدتی حفاظت ممکن ہو سکے گی بلکہ زائرین کو بھی ایک بہتر اور روحانی ماحول فراہم کیا جائے گا۔ نئی گیلری میں داخلی و خارجی راستوں کو وسیع کیا گیا ہے تاکہ رش کے دوران بھی زائرین کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔ذرائع کے مطابق ماضی قریب میں محسن نقوی نے بطور نگران وزیر اعلی اس ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس پر مجموعی طور پر کروڑوں روپے لاگت آئی ہے۔ذرائع کے مطابقمقدس تبرکات قیام پاکستان سے قبل شاہی قلعہ لاہوقر میں موجود تھے۔ تاہم 1885میں برٹش راج کی منظوری سے انہیں بادشاہی مسجد کے داخلی دروازہ کے اوپر موجود گیلری میں شفٹ کیا گیا۔سیکورٹی کے نکتہ نظور سے ان تبرکات کو یہاں سے نئی جگہ منتقل کرنے کے لئے کئی بار کام کا آغاز کیا گیا، مگر یہ اہم ترین کام پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔ تاہم وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کی روشنی میں اس پر سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی سربراہی میں محکمہ کے ذمہ داران نے کام کیا اور اس ضمن میںوفاقی و صوبائی ادارے اور ضلعی حکومت کو آن بورڈ رکھا۔ جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی لاہور کا اجلاس منعقد ہو سکا۔ اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں تمام وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں نے اس عمل میں اپنا اپنا حصہ ڈالا۔ تبرکات کی منتقلی کے عمل میں مذہبی اسکالرز اور ماہرین آثار قدیمہ کی مشاورت بھی حاصل کی گئی تاکہ کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ اس موقع پر خصوصی دعاوں کا بھی اہتمام کیا گیا اور اس عمل کو انتہائی احترام اور تقدس کے ساتھ مکمل کیا گیا۔اس ضمن میں ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان/خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے قرار دیا کہ تبرکات کی بہتر حفاظت اور نمائش کیلئے یہ ایک مثبت قدم ہے۔ نئی گیلری میں زائرین/شہریوں کو زیادہ سکون اور سہولت کے ساتھ زیارت کا موقع ملے گا۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے نہ صرف مذہبی ورثے کا تحفظ ممکن ہوتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی اپنی تاریخ اور ثقافت سے جڑے رہنے کا موقع ملتا ہے۔ تبرکات کی محفوظ منتقلی اور جدید انداز میں نمائش ایک خوش آئند قدم ہے جس سے زائرین کی تعداد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔دریں اثناءمحکمہ اوقاف پنجاب کے ذمہ داراذرائع نے بتایا کہ نئی گیلری( الائبریری و کانفرنس ہال) کی افتتاحی تقریب کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ آج جمعتہ المبارک کو چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخت زمان اس کا افتتاح کریں گے۔ جس کے بعد یہ گیلری اور لائبریری و کانفرنس ہال عوام الناس کے لئے اوپن ہو گا۔ذرائع کے مطابق بادشاہی مسجد میں بنائے گئے ”لائبریری و کانفرنس ہال“ میںاقبال ةال کے نام سے ایک ریسرچ سنٹر بنایا گیا ہے ، جس میں 2000 سے زائد قدیم و جدید نسخہ جات رکھے گئے ہیں۔ ان میں سے 150کتب بطور تحفہ اقبال اکیڈیمی نے فراہم کی ہیں۔نئے تعمیر کئے گئے ہال و لائبریری میں 1817 سے تاحال بادشاہی مسجد کی بابت نایاب تصاویر اور علامہ اقبال کی زندگی کے مختلف ادوار کو احاطہ کرنے والی تصاویر ، انکے مقبرہ کی تاریخ اور قائد اعظم محمد علی جناح کی بادشاہی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی بابت تصاویر اور ڈاکومنٹری بھی رکھی گئی ہے۔ یہاں پر نوجوان نسل کے معماروں کو تاریخ سے آگاہ کرنے کیلئے انٹرنیٹ اور جدید کمپیوٹرز بھی فراہم کئے گئے ہیں۔جبکہ سابق خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبد القادرآزاد اور ان کے صاحبزادے مولانا عبد الخبیر آزاد کی اقوام عالم میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے خدمات کی بابت تصاویر اور میٹریل بھی رکھا گیا ہے۔