اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے خوراک کی سپلائی چین اور ماحولیاتی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں خوراک کی سپلائی چین مضبوط کریں گے، اقتصادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنا حکومت کی ترجیح ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے ملاقات کے دوران کیا۔جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں خوراک کی سپلائی چین مضبوط کریں گے، اقتصادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے توانائی کی بچت اور بہتر لاجسٹکس سروسز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سپلائی چین کی کارکردگی اور خوراک کی دستیابی پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی بہتری سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس حوالے سے محدود اقدامات نہیں بلکہ موثر پالیسی پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل سپلائی چین اور متبادل نقل و حمل کو فروغ دیں گے۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارت تجارت اور کلائمٹ اداروں کے درمیان ہم آہنگ فریم ورک تیار کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کلائمٹ اسمارٹ زراعت اور وسائل کے موثر استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کی بچت اور ماحولیاتی اقدامات صنعتی ترقی کو فروغ دیں گے، صنعتی شعبہ کی کارکردگی میں بہتری اور لاجسٹک مسائل حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کی سپلائی چین میں ماحولیاتی لچک کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ عوامی اور نجی شعبہ کے تعاون سے ماحول دوست حل متعارف کرائے جائیں گے۔
پاکستان میں خوراک کی سپلائی چین مضبوط کریں گے: وفاقی وزیر تجارت



















