نقل کے خاتمے ، میرٹ کی بالادستی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار علی کی ملاقات۔ جنرل منیجر آفتاب احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ستھرا پنجاب کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اسے مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران مانیٹرنگ پر فوکس کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کے ساتھ ساتھ اندرون شہر صفائی کو بھی بہتر کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں اور دکانداروں سے بھی اپیل کی کہ اپنے گھروں اور مارکیٹوں سے جمع ہونے والا کوڑا کھلی جگہ پر پھینکنے کی بجائے کوڑا دان میں ڈالیں یا ستھرا پنجاب کی ٹیم کو دیں تاکہ اس کو مناسب طریقے سے ڈمپنگ سائیڈ تک پہنچایا جائے اور شہر کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جاسکے۔ اس موقع پر سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار علی نے بتایا کہ تمام مشینری اور عملہ ہمہ وقت متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ساتھ قصبات میں بھی صفائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت جاری میٹرک امتحانات کے انتظامات بارے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ اور کنٹرولر امتحانات کی جانب سے ڈویژن بھر میں جاری امتحانات کے انتظامات، مانیٹرنگ سسٹم اور سکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر امتحانی مراکز کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، ڈیوٹی پر تعینات عملے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ اور قائم کردہ کنٹرول روم کے م¶ثر نظام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ کوئی بھی طالب علم مکمل چیکنگ کے بغیر امتحانی مرکز میں داخل نہ ہو سکے۔ انہوں نے امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی یقینی بنانے، سی سی ٹی وی سسٹم کو فعال رکھنے اور کنٹرول روم کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نقل کے خاتمے اور میرٹ کی بالادستی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ طلبہ کو منصفانہ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری چراگاہوں اور الاٹی زمین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے مختلف علاقوں میں سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمین پر کسی بھی قسم کا ناجائز قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں اور پٹواریوں کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی، چراگاہوں اور حکومت کی جانب سے الاٹ کردہ زمینوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور قبضہ مافیا کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کی جائے۔ کمشنر نے نمبرداران اور مقامی ذمہ داران کو بھی ہدایت کی کہ وہ سرکاری چراگاہوں اور اپنی زیر نگرانی زمینوں کی حفاظت یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کی فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری وسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔