ٹرمپ آبنائے ہرمز بند رہنے کے باوجود جنگ بند کرنے کو تیار ہیں: وال سٹریٹ جنرل

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بند رہنے کے باوجود وہ ایران جنگ ختم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وال سٹریٹ جرنل نے ٹرمپ انتظامیہ کے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ نے اپنے معاونین سے کہا ہے کہ وہ ایران جنگ کو ختم کرنے کیلئے تیار ہیں بھلے آبنائے ہرمز بند رہے۔

ٹرمپ اور انکے معاونین کا خیال ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کیلئے فوجی کارروائیاں ایران کے تنازع کو چار سے چھ ہفتوں کی ٹائم لائن سے آگے دھکیل دیں گی۔ انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ صدر کے پاس فوجی اختیارات ہیں لیکن وہ انکی ترجیح نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکہ ایران کی بحریہ اور میزائلوں کو تباہ کرکے اپنے مقاصد حاصل کرے، پھر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کیلئے تہران پر سفارتی دباو ڈالے گا اور دشمنی کو ختم کریگا اور اگر ایران ایسا نہیں کرتا تو واشنگٹن یورپ اور خلیج میں اتحادیوں پر دباو ڈالے گا کہ وہ آبنائے کو دوبارہ کھلوائیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے پہلے دھمکی دی تھی کہ اگر 48 گھنٹوں میں آبنائے ہرمز نہ کھلی تو ایران کے شہری بنیادی انفراسٹرکچر پر حملہ کر دیں گے۔