واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پنٹاگون ایران میں زمینی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پنٹاگون ایران میں کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی زمینی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پنٹاگون کئی ہفتوں پر محیط ممکنہ زمینی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاہم یہ مکمل حملہ نہیں ہوگا بلکہ اس میں سپیشل فورسز اور روایتی پیادہ فوج کے مشترکہ چھاپے مار فورس شامل ہو سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارروائیاں ایرانی ساحلی علاقوں اور اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے کی جا سکتی ہیں، خاص طور پر آبنائے ہرمز کے قریب موجود تنصیبات، جہاں سے تجارتی اور فوجی جہازوں کو خطرات لاحق ہیں۔ اخبار نے لکھا کہ ان کارروائیوں کے دوران امریکی فوج کو ایرانی ڈرونز، میزائل حملوں، زمینی فائرنگ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد جیسے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے، ابھی یہ واضح نہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان منصوبوں کی مکمل، جزوی یا کوئی بھی منظوری دیں گے یا نہیں۔
وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ پنٹاگون کا کام مختلف آپشنز تیار کرنا ہے تاکہ صدر کو فیصلے کیلئے مکمل اختیارات حاصل ہوں تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی حتمی فیصلہ ہو چکا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ کے اندر ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ جزیرے پر قبضے سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، اسکے علاوہ آبنائے ہرمز کے قریب دیگر ساحلی علاقوں میں بھی کارروائیوں کی منصوبہ بندی زیرغور ہے۔ ایک اہلکار کے مطابق یہ مشن ہفتوں یا چند ماہ میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا کہ وہ فی الحال ایران میں فوج تعینات نہیں کر رہے تاہم وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنے اہداف زمینی فوج کے بغیر بھی حاصل کر سکتا ہے۔ امریکہ میں عوامی سطح پر بھی ایران میں زمینی کارروائیوں کی مخالفت سامنے آئی ہے، ایک حالیہ سروے کے مطابق 62 فیصد امریکی ایران میں فوج بھیجنے کیخلاف ہیں جبکہ صرف 12 فیصد اس کے حق میں ہیں، گزشتہ روز 70 لاکھ افراد نے مظاہرے کئے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکی افواج ایرانی سرزمین پر داخل ہوئیں تو انہیں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خاص طور پر ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے، جو حساس تنصیبات کے دفاع کیلئے متحرک ہو سکتی ہے۔ کانگریس میں بھی اس معاملے پر اختلافات پائے جاتے ہیں، جہاں کچھ ارکان زمینی کارروائیوں کیخلاف ہیں جبکہ بعض اس کی حمایت کر رہے ہیں تاہم مجموعی طور پر یہ معاملہ امریکہ کی داخلی سیاست اور خطے کی صورتحال دونوں پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔
پنٹاگون ایران میں زمینی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے، واشنگٹن پوسٹ
















