ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کیلئے موسمی شجرکاری مہم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز ماحول نہ صرف شہری حسن میں اضافہ کرتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی جہانگیر احمد وڑائچ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ شہر بھر میں گرین بیلٹس میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے خاص طور پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مقامات پر شجرکاری کے ذریعے مثبت تاثر قائم کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کو مزید بہتر کیا جائے اور پودوں اور درختوں کو روزانہ کی بنیاد پر پانی دیا جائے تاکہ پودوں کی نشوونما بہتر انداز میں ہو سکے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں فراہم طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، ایم ایس ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور دیگر ڈیوٹی ڈاکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ایم ایس سے ہسپتال کی موجودہ صورتحال اور ادویات کی دستیابی پر تفصیلی بریفنگ بھی لی۔دورے کے دوران انہوں نے کیتھ لیب میں موجود سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور ہسپتال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔ کمشنر نے مریضوں کے ساتھ آنے والے لواحقین کیلئے سرائے میں سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے ہسپتال میں مرد و خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ واش رومز تعمیر کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے ڈیوٹی ڈاکٹرز اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور نیک نیتی سے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
شجرکاری مہم کو کامیاب بنانا مشترکہ ذمہ داری ہے: کمشنر ساہیوال
















