پنجاب میں اب کوئی خاتون کومیلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا،عظمیٰ بخاری
لاہور: (وقائع نگار) وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی موثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی بہتر حکمت عملی کی بدولت صوبے میں جرائم کی شرح کم ہوئی ، سی سی ڈی اور پنجاب پولیس نے اہم کردار ادا کیا، پنجاب کے کئی اضلاع میں اب روزانہ ہونے والی معمولی جرائم کی وارداتیں بھی نمایاں طور پر کم ہو گئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی سی ڈی کی عوام میں بڑھتی پذیرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے پریمیئر ایجنسی بنانے کا فیصلہ کیا ۔
عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور جرائم کے اعداد و شمار اب کافی حوصلہ افزا ہیں اب پنجاب میں کوئی بھی کسی ماں، بہن یا بیٹی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، خواتین کا تحفظ وزیراعلیٰ مریم نواز کی پہلی ترجیح اور ریڈ لائن ہے، پنجاب پولیس کے ہر افسر اور اہلکار کو ہدایت دی گئی ہے وہ شہریوں کو ”سر“ اور ”جناب“ کہہ کر مخاطب کریں۔
وزیراطلاعات نے کہا پنجاب حکومت کا جہاز تکنیکی معائنے کیلئے ویانا گیا ،قیاس آرائیاں نہ صرف حقائق کے برعکس ہیں بلکہ افسوسناک بھی ہیں،ایکس پر جاری پر جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا ایک متعین مدت میں جہاز کا تکنیکی معائنہ کنٹریکٹ کا حصہ ہوتا ہے، معمول کے معائنے پر بے پر کی اڑانے والوں کو بامقصد کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

















