کسی کو بھی معاشرے میں انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی: کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آر پی او رانا ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنرز ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، آصف رضا، ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو، جاوید اقبال چدھڑ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور جید علماءکرام میں علامہ ضیاءاللہ شاہ بخاری، حاجی احسان الحق فریدی، سید اسامہ بخاری، مولانا حسن معصومی، قاری غلام رسول فریدی، قاری بشیر احمد، سید اعجاز حسین بخاری، سید کوثر رضوی، مولانا عبد المنان، مولانا اسلم نے شرکت کی۔ اجلاس میں علماءکرام نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت ایمان کا جزو ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں حالات کے تناظر میں علماءکرام عوام میں بھائی چارے کو فروغ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو معاشرے میں انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اپنے خطاب میں آر پی او رانا ایاز سلیم نے کہا کہ علماءکرام کے تعاون سے ڈویژن بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماءکرام ممبر رسول کو عوام تک امن کا پیغام پہچانے کیلئے استعمال کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماءکرام نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور بقاءسے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں۔ ایک خدا اور ایک نبی کے ماننے والوں میں اختلاف پیدا کرنے کی مذموم کوششیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو اتحاد و اتفاق کی جتنی اب ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں ملکی بقاءکو نقصان پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اجلاس میں ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر علامہ سید ضیاءاللہ شاہ بخاری نے ملک کی سلامتی اور تحفظ کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔
















